سندھ بلڈنگ، نارتھ ناظم آباد میں رہائشی پلاٹوں پر کمرشل تعمیراتی مافیا بے لگام
شیئر کریں
شہزادو کھوکھر، ریحان الائچی کی دانستہ چشم پوشی سے ملکی محصولات کو نقصان ،انتظامیہ خاموش
بلاک ایچ پلاٹ اے 171، اے 824پر نقشوں کے برعکس تعمیراتی سرگرمیاں مسلسل جاری
وسطی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں نقشوں اور قواعد و ضوابط کے برعکس جاری تعمیرات نے علاقہ مکینوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے ۔جرأت سروے ٹیم کو حاصل ہونے والے معلومات کے مطابق بلاک H کے پلاٹ اے -171 اور اے -824 پر مبینہ طور پر نقشوں کے برعکس غیر قانونی تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیںعلاقہ مکینوں کی جانب سے دی گئی درخواستوں کے باوجود ڈائریکٹر وسطی شہزادو خان کھوکھر اور ڈائریکٹر ڈیمولیشن ریحان الائچی دانستہ چشم پوشی اختیار کیئے بیٹھے ہیں ۔سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات نہ صرف شہری قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں بلکہ قومی محصولات کو بھی نقصان پہنچا رہی ہیں۔شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ تعمیراتی مافیا انتظامیہ کی مبینہ سرپرستی میں تعمیراتی قوانین کو نظر انداز کرنے میں بے لگام ہے ، جس کے باعث علاقے کا بنیادی ڈھانچہ اور شہری ماحول متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔ مکینوں نے وزیر بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ نارتھ ناظم آباد میں جاری غیر قانونی تعمیرات کا فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہری قوانین کی بالادستی یقینی بنائی جا سکے ۔متعلقہ افسران سے موقف لینے کے لئے رابطے کی کوشش کی گئی مگر رابطہ ممکن نہ ہو سکا۔


