الطاف حسین کے گھر پر لندن میں حملہ
شیئر کریں
مسلح نقاب پوش افراد سامنے والے گیٹ سے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، دروازہ توڑ دیا گیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین کے گھر پر لندن میں واقع اُن کی رہائش گاہ پر حملہ ہوا ہے۔ الطاف حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی لندن کے علاقے مل ہل میں ان کی رہائش گاہ پر دو نقاب پوش افراد نے حملہ کرنے کی کوشش کی۔
الطاف حسین پر حملہ عین ان کی سالگرہ کے دن ہوا ہے۔
ایک ویڈیو میں خود الطاف حسین نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ 17 ستمبر کو پیش آیا، جب وہ گھر کے گراؤنڈ فلور پر واقع بیڈ روم میں موجود تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ دو مسلح نقاب پوش افراد سامنے والے گیٹ سے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے اور وہ اس وقت ان افراد سے چند فٹ کے فاصلے پر تھے۔
الطاف حسین نے گھر کے باہر موجود میڈیا اور اپنے حامیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹوٹے ہوئے شیشے والے دروازے کی نشاندہی کی اور حملے کی تفصیلات بیان کیں۔
انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروں نے گھر میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم واقعے کی مزید تفصیلات اور حملہ آوروں کی شناخت فوری طور پر سامنے نہیں آسکی۔


