حق دو کراچی کے بینرزچھاپنے والوں کو دھمکیاں
شیئر کریں
سندھ حکومت فسطائیت بند کرے، کراچی والے اپنا حق مانگتے رہیں گے
تو کیا کل شہریوں کو یہ نعرہ لگانے پر گرفتار بھی کیا جائے گا، حافظ نعیم الرحمن
امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی میں حق دو کراچی کے بینرز چھاپنے پر دکانیں سیل کرنے کی دھمکی دے رہی ہے۔ سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے سوال کیا کہ پی پی حکومت کل حق دو کراچی کا نعرہ لگانے پر شہریوں کو گرفتار کرے گی؟ یہ فسطائیت اور فاشزم نہیں تو اور کیا ہے؟ امیر جماعت اسلامی نے سندھ کی صوبائی اور شہری حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ 18 سال میں 3 کروڑ سے زائد شہریوں کو پانی دے سکے، سڑکیں اور نہ ٹرانسپورٹ۔ شہر کا انفراسٹرکچر تباہ کردیا، جب لوگ حق دو کراچی کا نعرہ لگاتے ہیں تو آپ دھمکیاں دیتے ہیں، سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج کرنے پر دہشت گردی کی دفعات سیاسی کارکنان پر لگاتے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی صرف ایک شہر نہیں، منی پاکستان ہے، صوبہ سندھ کی 98 فیصد اور پاکستان کی آدھی معیشت کا انحصار کراچی پر ہے۔ پیپلز پارٹی کی کراچی دشمنی درحقیقت پاکستان دشمنی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حق دو کراچی کا نعرہ کسی قوم، مسلک یا برادری کا نعرہ نہیں بلکہ کراچی میں رہنے والے ساڑھے تین کروڑ لوگوں کی متفقہ آواز ہے۔ اس وقت تک یہ نعرہ لگتا رہے گا جب تک شہر کو اس کے تمام جائز حقوق نہیں مل جاتے


