میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
مقبوضہ کشمیر: کتے سمیت تین اعلیٰ بھارتی فوجی افسران کا انکاؤنٹر

مقبوضہ کشمیر: کتے سمیت تین اعلیٰ بھارتی فوجی افسران کا انکاؤنٹر

جرات ڈیسک
جمعه, ۱۵ ستمبر ۲۰۲۳

شیئر کریں

اے ایچ جعفری

٭کشمیری مجاہد نے تن تنہا کلاشنکوف کا برسٹ مار کر تین اعلیٰ بھارتی فوجی و پولیس افسران کو ٹھوک دیا،یہ واقعہ سردی اور کہر میں لپٹے ککر ناک کے جنگل میں پیش آیا
٭ کشمیری مجاہد کی جانب سے تین سینئر اعلیٰ افسران کو گولیاں لگنے کے بعد جب یہ افسران زخمی ہوکر گرے تو ان کی حفاظت پر مامور کمانڈوز اپنی جان بچا کر بھاگ نکلے
٭ بھارتی افواج نے نیو انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ کشمیری مجاہد کے ہاتھوں ٹھوکے جانے والے تینوں افسران کو سینا پتی بہادری ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ایک انتہائی عبرتناک انکاؤنٹر میں کشمیری مجاہد نے تن تنہا کلاشنکوف کا برسٹ مار کر تین اعلیٰ بھارتی فوجی و پولیس افسران کو ٹھوک دیا۔ واقعہ سردی اور کہر میں لپٹے ککر ناک کے جنگل میں اس وقت پیش آیا جب بھارتی افسران کو انٹیلی جنس مخبروں نے کشمیری مجاہدین کی موجودگی کی اطلاع دی۔ خبری کی اس اطلاع پر ہیلی کاپٹرز، ہیومن انٹیلی جنس، ٹرینڈ ہینڈلرز اور کتوں کے ساتھ مسلح افواج اور کمانڈوزکمک کوککر ناگ میں بلوایا گیا۔ انتہائی با خبر ذرائع کا کہنا ہے کہ بعد میں گن شپ ہیلی کاپٹرز کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجہ میں شہید ہونے والا کشمیری مجاہد اپنی آٹو میٹک رائفل کی مدد سے جنگل میں ایک مقام پر موجود تھا جس کو گھیرنے کے بعد بھارتی کمانڈوز کی سربراہی کرنے والے راشٹریہ رائفلز کی سینئر قیادت موجود تھی۔ این ڈی ٹی وی کا دعویٰ ہے کہ کشمیری مجاہد کی جانب سے تین سینئر اعلیٰ افسران کو گولیاں لگنے کے بعد جب یہ افسران زخمی ہوکر گرے تو ان کی حفاظت پر مامور کمانڈوز اپنی جان بچا کر بھاگ نکلے۔ زخمی افسران کرنل من پریت سنگھ، میجر اشیش ڈھونچک اور ڈی ایس پی ہمایوں مزمل بھٹ موقع پر کئی گھنٹے تک پڑے رہے اور زخموں کی تاب نہ لاکر تڑپ تڑپ کر ہلاک ہوگئے۔ جن کی لاشیں چیتا ہیلی کاپٹر اور ایک گن شپ ہیلی کاپٹر کی مدد سے اسلام آباد کے فیلڈ میڈیکل اسپتال میں پہنچائی گئیں اور ان کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ واقفان حال نے بھارتی میڈیا کو بتایا ہے کہ اس واقعہ میں آرمی کا ایک ہینڈلر زخمی اور اس کا ٹریننگ یافتہ کتا بھی ہلاک ہوا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ککر ناگ کے گھنے کہر والے جنگلات میں ہونے والے اس آپریشن میں 15 ویں کورپس کمانڈر، لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی اور ڈائریکٹر جنرل جموں کشمیر پولیس دلباغ سنگھ بھی کمانڈ کرنے والے افسران کرنل من پریت سنگھ، میجر اشیش ڈھونچک اور ڈی ایس پی ہمایوں مزمل بھٹ کے ساتھ شامل تھے لیکن ان کی خوش قسمتی تھی کہ راجیو گھئی اور دلباغ سنگھ بال بال بچ گئے اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ٹائمز ناؤ ٹی وی کا کہنا ہے کہ ککر ناگ جنگلات میں ایک شب پہلے مجاہدین کی اطلاع کی مخبری کی گئی تھی لیکن ان افسران کو علم نہ تھا کہ موت ان کے انتظار میں کلاشنکوف تھامے بیٹھی ہے۔کشمیری صحافتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ککر ناگ کے جنگلات میں کہر یا دھند کی وجہ سے مجاہدین کو بہترین موسمیاتی کور ملا ہوا تھا اور جب بھارتی فوجی افسران پر فائرنگ کی گئی تو افسران کے محافظین سر پر پاؤں رکھ کر بھاگ نکلے۔ بھارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کشمیری میں ہلاک ڈی ایس پی پولیس ہمایوں بھٹ، سابق آئی جی پولیس غلام حسن بھٹ کا بیٹا تھا۔
یاد رہے کہ غلام حسن بھٹ سابق آئی جی اور آئی بی کے سینئر افسر ہیں اور ان پر سینکڑوں انکاؤنٹرز اور کشمیریوں کی ہلاکتوں کے الزامات تھے اور آج وہ دن آیا ہے کہ غلام حسن بھٹ کا جوانسال بیٹا کشمیری مجاہد کی گولیوں سے بھون ڈالا گیا۔ بھارتی افواج کے ذرائع نے نیو انڈین
ایکسپریس کو کنفرم کیا ہے کہ کشمیری مجاہد کے ہاتھوں ٹھوکے جانیوالے تینوں افسران کو سینا پتی بہادری ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بھارتی فوجی ذرائع کا ماننا ہے کہ اعلیٰ بھارتی فوجی افسران کرنل من پریت سنگھ، میجر اشیش ڈھونچک اور ڈی ایس پی ہمایوں مزمل بھٹ کی ہلاکت کے واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جارہی ہیں کیوں کہ اس واقعہ سے بھارتی سکیوریٹی فورسز اور پولیس کا مورال ڈاؤن ہوگیا ہے۔ ککر ناگ پولیس اسٹیشن سے تعلق رکھنے والے ایک سینئر پولیس اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر کہا ہے کہ واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جارہی ہیں اور اس بات کا تعین کیا جارہا ہے کہ کون کون سے اہلکار اور کمانڈوز موقع پر موجود تھے لیکن جب سینئر فوجی و پولیس افسران پر فائرنگ ہوئی تو وہ کیوں کر افسران کو زخمی حالت میں فرار ہوئے؟ ایسے تمام کمانڈوز محافظوں کا کورٹ مارشل کیا جائے گا۔ ادھر راجوڑی سے بھی ایک انکاؤنٹر میں دو مجاہدین کی شہادت اور ایک بھارتی کمانڈوز کی ہلاکت کا واقعہ رپورٹ ہوا ہے۔ سینئر پولیس افسران کی ہلاکت کے واقعہ کے بعد سینئر پولیس افسر دلباغ سنگھ نے افسران کو کسی بھی انکاؤنٹر کی کمانڈ کرنے سے منع کردیا ہے۔ سوشل میڈیائی پلیٹ فارم ایکس پر سینئر بھارتی فوجی تجزیہ نگاروں کا ماننا ہے کہ تین سینئر افسران کی ایک ہی انکاؤنٹر میں ہوئی موت نے بھارت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔تازہ اطلاعات کے مطابق بھارتی افواج کے افسران کے مقتل، ککر ناگ کے جنگل میں ڈرونز اور ہیلی کاپٹرز کی مدد سے آپریشن کیا جارہا ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق بھارتی افواج کے افسران کے مقتل، ککر ناگ کے جنگل میں ڈرونز اور ہیلی کاپٹرز کی مدد سے آپریشن کیا جا رہا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں