را کا تربیت یافتہ ایم کیو ایم لندن کا اہم رکن گرفتار
شیئر کریں
ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے کراچی میں ایک بڑی کارروائی کے دوران را کا تربیت یافتہ اہم ملزم گرفتار کر لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ملزم ظفر کا مقامی طور پر ایم کیو ایم لندن سے تعلق ہے۔ مگر عملا مذکورہ ملزم را کے ایک سلیپر سیل سے وابستہ ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم ظفر بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کی خطرناک وارداتوں میں ملوث ہے۔ ملزم ظفر نے دشمن ملک بھارت میں چودہ ماہ دہشت گردی کی تربیت لی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم ظفر کو دہلی میں محمود صدیقی گروپ نے عسکری تربیت دلوانے کا انتظام کیا تھا۔ملزم ظفر بم بنانے اور ہتھیار چلانے کا ماہر بتایا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ظفر محکمہ فائر بریگیڈ میں سرکاری ملازمت کرتا تھا۔ دریں اثناء ایف آئی اے نے ایک دوسری کارروائی میں را کے مذکورہ سلیپر سیل کو فنڈ فراہم کرنے والی ایک منی ایکسچینج کمپنی کے دو ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ملزم سفیان منی ایکسچینج کمپنی کے ڈائریکٹر جبکہ گرفتار جاوید میمن منیجر ہے۔حکام کے مطابق دونوں ملزمان حوالہ ہنڈی کے ذریعے ملک دشمن عناصر کو رقم کی فراہمی جیسے مکروہ کام میں ملوث ہیں۔ایف آئی نے فوری طور پر ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تفصیلات ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر فراہم کردی ہیں۔
واضح رہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ، لیپ ٹاپ اور موبائل فون بر آمد ہوئے ہیں ۔ملزمان کی گرفتاریاں سوک سینٹر ، لیاقت آباد اور خالد بن ولید روڈ کے علاقوں سے عمل میں آئی ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ مذکورہ گرفتاریوں سے را کے ایک اہم نیٹ ورک کے مکمل خاتمے میں مدد ملے گی۔