آئی ایم ایف معاہدے پر عمل درآمد نہ ہوا توملک ڈیفالٹ ہو سکتا ہے، مریم نواز
شیئر کریں
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہاہے کہ نواز شریف نے واپسی کی تیاری شروع کر دی ہے وہ آئندہ چند ہفتوں میں ملک میں ہوں گے۔عمران خان کو اقتدار تک پہنچنے کے لیے بیساکھیوں کی ضرورت تھی، ہمیں کسی کی بیساکھیوں کی کوئی ضرورت نہیں،عمران نے جو معاہدے کیے انکی پاسداری نہ کریں تو پاکستان ڈیفالٹ کرسکتا ہے،بہاولپور میں لیگی رہنماوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ عوام نے بہت عزت سے نوازا، شکر گزار ہوں، میری تمام ایم این ایز اور ایم پی ایز سے بھی ملاقات ہوئی، مجھے ان سے سیر حاصل گفتگو کرنے کا موقع ملا، ان کی قابل قدر رائے ملی، میرا پہلا تنظیمی دورہ ہے، جو فیصلہ کیا تھا کہ ایک ایک ڈویژن میں جا کر رات گزاریں گے اور اگلے دن ملاقاتیں کریں گے، اس کا بہت فائدہ ہوا ہے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ ہم نے جو عوامی رابطہ مہم شروع کی ہے، مجھے لگا ہے کہ یہ مسلم لیگ (ن) کی عوامی مقبولیت کو چار چاند لگائے گی ،انہوں نے کہا کہ نواز شریف بہت جلد وطن واپس آئیں گے، انہوں نے تیاری بھی شروع کر دی ہے لیکن ٹکٹ کنفرم ہونے تک حتمی تاریخ نہیں بتا سکتی۔سابق وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا عمران خان کو اقتدار تک پہنچنے کے لیے بیساکھیوں کی ضرورت تھی، چار سال اقتدار میں رہے تو اسٹیبلشمنٹ کی تعریف کرتے رہے، اقتدار سے باہر آئے تو اسٹیبلشمنٹ کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔مریم نواز کا کہنا تھا ن لیگ حقائق پر بات کرے گی، ہمارا بیانیہ حقائق پر مبنی ہے، ہمیں کسی کی بیساکھیوں کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا کسی سے کوئی ذاتی جھگڑا نہیں ، ہمارا بیانیہ حقائق پر مبنی ہے ، آج کل بڑا انتقام کا شور مچا رہے ہیں، میں اور حکومت انتقام پر یقین نہیں رکھتے ، اگر جرم کیا ہے تو سزا ملنی چاہیے، ناحق کسی کو پکڑنے کے حق میں نہیں ہوں۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ نواز شریف سمیت پوری جماعت کو گرفتار کیا گیا، رانا ثنا اللہ پر منشیات کا کیس کیا گیا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے جس طرح مجھ پر کیس کی دھجیاں اڑائیں وہ سب کے سامنے ہے۔رہنما ن لیگ کا کہا تھا کہ عمران خان کو توشہ خانہ پر سزا ملے تو کیا اس کو انتقام کہیں گے؟، جھوٹ اگر بولا ہے وہ سامنے تو آئے گا، اسے انتقام نہیں احتساب کہتے ہیںانہوں نے کہاکہ میں صحافی برادری کے ساتھ دل وجان سے کھڑی ہوں۔ مسلم لیگ ن آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، لیکن کچھ لوگوں نے صحافت کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے۔انہوں نے معیشت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ معیشت پر حملہ اس فتنہ خان نے کیا ہے ، آئی ایم ایف معاہدے نے ہمارے ہاتھ باندھے ہوئے ہیں ، ہم اگر ریلیف دینا چاہیں بھی تو نہیں دے پارہے ہیں ۔شاہد خاقان عباسی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا شاہد خاقان عباسی ہمارے سینئر ہیں، وہ نواز شریف کے دیرینہ ساتھی اور میرے بڑے بھائی ہیں، ان کی اور دیگر پارٹی رہنماوں کی سرپرستی میں آگے بڑھوں گی۔


