میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کیسی دلہن چاہیے؟

کیسی دلہن چاہیے؟

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۴ اکتوبر ۲۰۲۰

شیئر کریں

دوستو،شادی ایک ایسا لڈو ہے جس نے کھایا وہ بھی پچھتایا جس نے نہیں کھایا وہ بھی پچھتایا۔۔ مائیں اپنے بیٹے کے لیے چاند کا ٹکڑا ’’بہو‘‘ تلاش کرتی ہے چاہے اس کا اپنا بیٹا’’بھوسی ٹکڑا‘‘ کیوں نہ ہو۔۔ ایک خبر کے مطابق مغربی بنگال کے ایک شخص کو اپنے لیے ایسی دلہن کی تلاش ہے جوسوشل میڈیا کے استعمال کی عادی نہ ہو۔اس دلچسپ مطالبے پر مبنی اخباری اشتہار کا تراشا دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔مغربی بنگال کے علاقے کمار پکار سے تعلق رکھنے و الے شخص نے شادی کے اشتہار میں لکھوایا کہ۔۔مجھے ایسی دلہن کی تلاش ہے جو سوشل میڈیا کی عادی نہ ہو۔آپ سمیت سب سوچ سکتے ہیں کہ آج کل ایسی دلہن کی تلاش قدرے مشکل ہے۔اپنی دلہن میں اس دلچسپ خوبی کے متلاشی نوجوان نے شادی کے لیے اخبار میں اشتہار دیا جو انٹر نیٹ پر وائرل ہوگیا اور ساتھ ہی نئی بحث کا آغاز بھی ہوگیا۔ایک سوشل میڈیا صارف نے اس اخباری اشتہار کو اس کیپشن کے ساتھ شیئر کیا کہ۔۔متوقع دولہا اور دلہنیں برائے مہربانی اس طرف توجہ دیں، میچ میکنگ کا معیار اب بدل رہا ہے۔۔37 سالہ چیٹرجی نامی شخص کی طرف سے دیا گیا یہ اخباری اشتہار 3 نکات پر مبنی ہے۔۔ دلہے کی خوبیاں، دلہے والوں کی ڈیمانڈ اور دلہن کیسی ہو؟چیٹرجی نے بتایا کہ۔۔میں 5 فٹ 7 انچ قد کا حامل ہوں، یوگا کرتا ہوںاور مجھ میں کوئی بھی بری عادت نہیں، خوبصورت اور فیئر ہوں، ہائی کورٹ کے وکیل کے ساتھ محقق بھی ہوں۔اشتہار کے دوسرے حصے میں وکیل نے بتایا کہ۔۔ہمارے پاس گھر، کار اور والدین موجود ہیں، گھر گاؤں کمارپکار میں ہے، ہماری کوئی ڈیمانڈ نہیں۔اشتہار کے تیسرے حصے میں چیٹرجی نے کہا کہ۔۔دلہن خوبصورت، دراز اور پتلی دبلی ہو لیکن ضروری ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے استعمال کی عادی نہ ہو۔۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر زیر گردش اس اشتہار کو اب تک کئی ہزار لوگ لائیک اور متعدد ری ٹوئٹ بھی کرچکے ہیں۔اس دلچسپ اخباری اشتہار نے جہاں لوگوں کو ہنسنے پر مجبور کردیا ہے، وہیں کئی لوگوں نے ان خصوصیات کی حامل دلہن کی تلاش کو اب ناممکن قرار دیدیا ہے۔اس پوسٹ پر کئی صارف نے دلچسپ تبصرے کیے، ان میں سے ایک نے لکھا کہ۔۔بھرتی کے عمل کا سب سے سخت معیار۔۔ دوسرے نے اشتہار کودیکھ کر تبصرہ کیا کہ ۔۔۔دائمی کنوارہ رہنا مقدر ہے۔
باباجی فرماتے ہیں۔۔بیوی کی مثال گھر میں شمع کی طرح ہے جو گھر روشن رکھتی ہے،اگر یہ شمع چار ہوں توسوچو کتنی زیادہ روشنی ہوگی؟؟دلہا نے گھونگٹ اُٹھایا تو دلہن کی خوبصورتی دیکھ کر خوش ہوا اور بولا۔۔میں دادی کے پیر دباتا تھا تو وہ کہتی تھیں۔ میرے بیٹے کو تو کوئی حور ملے گی۔دلہن فیصل آبادی تھی برجستہ بولی۔۔جی ہاں اثر تاں بہوں ہوندائے بزرگاں دیاں گلاں چ۔ میں نانی نوں تنگ کردی سی تے اوہ آہدی ہائی۔ جا تینوں کتے کھڑن۔۔بات شادی کی ہورہی ہے تو آپ کے علم میں اضافہ کرتے چلیں کہ ۔۔لاہور کی فیملی عدالتوں میں خلع کے مقدمات میں روز بہ روز اضافہ ہونے لگا ۔رواں سال 6578 خلع کے دعوے دائر ہوئے جبکہ فیملی عدالتوں نے 2145خواتین کو خلع کی ڈگریاں جاری کر دیں۔قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ کیبل کلچرکے فروغ سے معاشرتی بے راہ روی بڑھ رہی ہے اوراس وقت خاندانی نظام خطرے میں پڑگیاہے،ماہرین کے مطابق طلاق کی شرح میں اضافہ سے سے جہاں ایک جانب خاندانی نظام تباہ ہورہا ہے،وہیں اس کی ایک وجہ فریقین کے درمیان عدم برداشت ہے،ماہرین قانون کا یہ بھی کہنا ہے اگر میاں بیوی اپنی ذاتی انا کو چھوڑ دیں تو طلاق جیسی بری چیز سے بچا جا سکتا ہے۔یادرہے کہ روزانہ 15 سے 20خواتین حصول طلاق کے لئے فیملی عدالتوں میں درخواستں جمع کروائی جاتی ہیں۔۔اور خلع کے لئے زیادہ تر وہی لڑکیاں عدالتوں کا رخ کرتی ہیں جنہوں نے والدین کی مرضی کے خلاف ’’لومیرج‘‘ کی ہوتی ہے۔۔ہمارے پیارے دوست کہتے ہیں۔۔طلاق کی بعض وجوہات میں سے ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ ملک کے اکثر شہروں میں منہ دکھلائی، دودھ پلائی جیسی رسموں کے ساتھ ساتھ شادی کے فوراً بعد ‘‘منہ دھلائی’’ کی رسم نے جڑ پکڑ لی ہے۔۔ہم سمجھتے ہیں کہ پسند کی شادی کرنا کوئی بری بات نہیں ، لیکن اپنے والدین کی رضامندی کے ساتھ جوکام کیا جاتا ہے، اس کے زیادہ تر نتائج مثبت رہتے ہیں اورپھربڑے بزرگ اس نوبت سے پہلے ہی معاملے کوسلجھانے کیلئے کوشاں ہوجاتے ہیں۔
آپ کسی خاتون کو پسند کرتے ہیں لیکن آپ کو یہ کیسے معلوم ہو کہ اس خاتون کے دل میں آپ کے لیے کیا ہے؟
اب ایک آسٹریلوی خاتون صحافی نے خواتین کی 7ایسی علامات بتا دی ہیں جن سے مرد پتا چلا سکتے ہیں کہ کوئی خاتون انہیں پسند کرتی ہے۔ اس خاتون صحافی کا نام نادیہ بوکوڈی ہے جو جنسیت کے موضوع پر لکھتی ہیں۔ انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو میں یہ سات علامات بتائی ہیں جن میں سے پہلی یہ ہے کہ جو خاتون آپ کو پسند کرتی ہو گی وہ آپ کے آس پاس منڈلائے گی اور آپ کے قریب رہنے کے بہانے تلاش کرے گی۔ وہ کچھ ایسے کام کرے گی کہ اس کی موجودگی کا آپ کو احساس ہو اور آپ کی توجہ اس کی طرف مبذول ہو۔ مثال کے طور پر وہ اپنے بال سنوارے گی، اپنے کپڑوں کو درست کرے گی۔ اس کے بیٹھنے اور چلنے کا انداز بھی آپ کو بہت کچھ بتا سکتا ہے۔ نادیہ بتاتی ہیں کہ جو خاتون کو آپ پسند کرتی ہو گی وہ آپ کے متعلق یہ خیال ضرور رکھتی ہوں گی کہ آپ دلچسپ اور اچھی حس مزاح رکھنے والے انسان ہیں۔ وہ آپ کی باتوں پر دیگر لوگوں سے زیادہ ہنسے گی اور خوشی کا اظہار کرے گی۔ تیسری علامت یہ ہے کہ ایسی خاتون بار بار آپ کی طرف دیکھے گی اوراگر آپ کی آنکھیں اس سے چار ہوں گی تو وہ فوراً نظریں پھیرنے کی کوشش کرے گی۔چوتھی علامت یہ ہے کہ وہ آپ کو چھونے کے بہانے تلاش کرے گی۔ وہ آپ کے بازو کو یا کپڑوں کو ہاتھ لگائے گی۔ یہ سب سے واضح علامت ہے جس سے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ وہ خاتون آپ کو پسند کرتی ہے۔نادیہ بوکوڈی نے پانچویں علامت یہ بتائی کہ ایسی خاتون آپ سے بات کرنے کے بہانے بنائے گی اور ایسے کام کرے گی جن کے ذریعے اسے آپ سے بات کرنے کا موقع ملے۔۔ چھٹی علامت یہ ہے کہ جو خاتون آپ کو پسند کرتی ہو گی وہ آپ کی کچھ زیادہ ہی تعریف کرے گی۔ جب کوئی خاتون آپ کے لباس اور دیگر حوالوں سے آپ کی تعریف کر رہی ہو تو اس پر توجہ دیں۔ نادیہ نے ساتویں علامت یہ بتائی کہ ایسی خاتون آپ کو باقاعدگی کے ساتھ ٹیکسٹ میسج کرے گی۔ اگر کوئی خاتون بات بے بات آپ کو میسج کر رہی ہے تو یہ بھی ایک واضح اشارہ ہے کہ وہ آپ کو پسند کرتی ہے۔
اور اب چلتے چلتے آخری بات۔۔ہجوم سے بچو، چیزوں کے بارے میں خود غور کر کے رائے قائم کرو، شطرنج کے کھلاڑی بنو، مہرے نہیں۔خوش رہیں اور خوشیاں بانٹیں۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں