بجٹ میں آئی ٹی کیلئے کوئی منصوبہ شامل نہیں، حافظ نعیم
شیئر کریں
حکومت اب بھی ایک لیٹر پیٹرول پر120 روپے سے زائد پیٹرولیم لیوی وصول کررہی ہے
بہت تماشا ہوگیا وسائل پر قابض اشرافیہ عوام کے راستے سے ہٹ جائے،تقریب سے خطاب
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے بجٹ میں آئی ٹی کے فروغ کے لیے کوئی جامع منصوبہ شامل نہیں۔ سات دہائیوں سے مسلط طبقہ ملک کا سب سے بڑا المیہ ہے، بہت تماشا ہوگیا وسائل پر قابض اشرافیہ عوام کے راستے سے ہٹ جائے، نوجوان اپنے حق کے لیے متحد اور منظم ہوجائیں، ہجوم کبھی انقلاب نہیں لاتے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت بنوقابل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت اپنی ذمہ داری ادا نہیں کررہی، ملک میں پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، ملک مسائل کی آماجگاہ بن گیا ہے، زراعت، تعلیم، صحت سمیت ہر شعبہ زوال پزیر ہے، حکمرانوں کی اپنی عیاشیاں ختم نہیں ہورہی ہیں، مریم نواز نے اپنے لیے گیارہ ارب کا جہاز خرید لیا، چیٔرمین سینٹ کے لیے نوکروڑ کی گاڑی لے لی گئی، عوام کا خون نچوڑا جارہا ہے، حکومت ایک لیٹر پٹرول پر ایک سو بیس روپے سے زائد پٹرولیم لیوی وصول کررہی ہے، یہ ظلم بند ہونا چاہیے، نوجوان تعلیم اور ہنر بھی حاصل کریں اور عوام کے حقوق کے تحفظ اور ظالمانہ نظام سے چھٹکارا کے لیے جماعت اسلامی کا بھی ساتھ دیں، نوجوان خود مایوس ہونے کی بجائے مسلط طبقے کو مایوس کریں۔


