سندھ ہائی کورٹ: ای چالان کے خلاف درخواستوں کی سماعت، بس اسٹاپس کی نشاندہی نہ ہونے کا معاملہ اٹھا دیا گیا
جرات ڈیسک
جمعرات, ۱۲ نومبر ۲۰۲۶
شیئر کریں
مسافروں کو اتارنے پر 20 ہزار روپے کا چالان کردیا جاتا ہے،نجی بس مالکان کے لیے سڑکوں پر گاڑیاں چلانا مشکل بنا دیا گیا ہے، بس اونرز کے وکیل کا مؤقف
سندھ ہائی کورٹ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ای چالان کے اجرا کے خلاف مختلف درخواستوں کی سماعت ہوئی، جس میں جماعت اسلامی کے وکیل عثمان فاروق اور بس اونرز کے وکیل منصف جان ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران بس اونرز کے وکیل منصف جان ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ حکومت کی جانب سے تاحال بس اسٹاپس کی نشاندہی نہیں کی گئی، جس کے باعث مسافروں کو اتارنے پر بھی 20 ہزار روپے کا چالان کردیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نجی بس مالکان کے لیے سڑکوں پر بسیں چلانا مشکل بنا دیا گیا ہے۔اس موقع پر عدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گزاروں کے وکیل طارق منصور ایڈووکیٹ علیل ہیں اور اسی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوسکے۔عدالت نے درخواستوں کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔


