ایم ڈی اے، ڈی جی یسٰین شر اور سسٹم تحقیقاتی اداروں کے ریڈار پر
شیئر کریں
کمرشل پلاٹس کی 23/ ستمبر کی جعلی نیلامی میں سسٹم کے لوگوں کی منی لانڈرنگ کا پیسہ شامل،اہم انکشافات
ایاز خان پٹھان، سجاول رند، برکت علی اور آصف بروہی، سمیت قبضہ مافیا کے کئی نام سسٹم کے تحفظ میں
وقاص سومرو اربوں کے سسٹم کی نیچے سے نگرانی کے ذمہ دار، اگلے چند دنوں میں مزید گرفتاریاں متوقع
ایف آئی اے نے کراچی میں سسٹم کے اہم لوگوں کو ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی(ایم ڈی اے) کے اندر نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ کی بڑی رقم کا سراغ تحقیقاتی اداروں نے لگایا ہے جس میں ”اہم ترین“ لوگ ہدف پر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے گزشتہ روز ایک ہی روز میں دو تابڑ توڑ چھاپے ایم ڈی اے میں عین اس وقت مارے تھے جب پیسوں کا ایک بڑا لین دین ایم ڈی اے کے ڈائریکٹر لینڈ وقاص سومرو کے دفتر میں جاری تھا۔ پہلے چھاپے میں دو ملازمین دھر لیے گئے جبکہ ڈائریکٹر لینڈ وقاص سومرو دفتر میں موجود نہیں تھے، بعدازاں دوسرے چھاپے میں انہیں بھی گرفتار کر لیا گیا۔

ڈی جی ایم ڈی اے ، یسین شر بلوچ
اطلاعات کے مطابق ڈائریکٹر لینڈ وقاص سومرو کی گرفتاری کے بعد ڈی جی ایم ڈی اے یسین شر بھی ریڈار پر آگئے ہیں، جو سسٹم کے تمام دھندوں کے سربراہ محکمہ کے طور پر براہ راست ذمہ دار اور محافظ سمجھے جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ ایم ڈی اے میں 23/ ستمبر بروز بدھ تیسر ٹاؤن کی اسکیم 45 کے کمرشل پلاٹس کے لیے ایک جعلی نیلام عام رکھا گیا تھا۔ یہ پوری نیلام عام کی مشتہر مہم دراصل ایک جعل سازی تھی جو پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت تھی، جس میں سسٹم کے لوگوں نے ایک بڑی کالی کمائی، منی لانڈرنگ کے ذریعے ان پلاٹس میں کھپائی تھی اور ایم ڈی اے کے شاہ لطیف ٹاؤن اسکیم 25-A، نیو ملیر ہاؤسنگ اسکیم 1، اور تیسر ٹاؤن نادرن بائی پاس اسکیم 45- میں واقع کمرشل پلاٹوں کو جعلی نیلام کے ذریعے ہتھیا لیا تھا، جن میں متعدد پیٹرول پمپس بھی شامل تھے، ان پلاٹس کے لیے کالی کمائی، منی لانڈرنگ کے ذریعے استعمال میں لائی گئی۔
تحقیقاتی اداروں نے اس کے اہم ترین سروں کا سراغ لگاتے ہوئے سسٹم کی چند بڑی شخصیات کو اس کے پس پردہ پایا اور اس حوالے سے نیچے سے کارروائی کرتے ہوئے ڈائریکٹر لینڈ وقاص سومرو کو دھر لیا ہے۔ جواربوں روپے کے اس پورے نظام کی نیچے سے نگرانی اور سرپرستی کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ وقاص سومرو ہی گزشتہ دو بروسوں سے سسٹم کے تمام معاملات کو ایم ڈی اے میں چلا رہے تھے اور سسٹم کی سرپرستی میں کام کرنے والے قبضہ مافیا کے بڑے بڑے ناموں کو تحفظ دے رہے تھے۔ ایم ڈی اے کی زمینوں پر قبضہ مافیا کے ان بڑے ناموں میں ایاز خان پٹھان، سجاول رند، برکت علی، آصف بروہی، رفیق مری، سلمان، شفیق مقصود، چھوٹا ذیشان، حمید اللہ، طاہر، ذیشان بلوچ، شاہنواز چانڈیو، آصف جمال اور یعقوب گوپانگ شامل ہیں۔ باخبر ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ادارے قبضہ مافیا کے ان ہرکاروں کے ساتھ ڈی جی ایم ڈی اے اور سسٹم کے دو اہم ترین لوگوں کو وسیع تر تحقیقات کے دائرے میں لانا چاہتے ہیں، جس کے لیے ضروری تیاریاں جاری ہیں۔ باخبر حلقوں کے مطابق اگلے چند دنوں میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
(رپورٹ: افتخار چوہدری)


