لائبہ خودکشی کیس، پولیس نے لڑکی سے فراڈ کرنیوالے گینگ کو گرفتار کرلیا
شیئر کریں
گرفتار کیے جانے والے ملزمان میں نعمان، فاطمہ سرور اور عائزہ شامل،لائبہ اعجاز سے 93 لاکھ روپے لیے
………………………….
فراڈ سے دلبرداشتہ ہو کر اسلام آباد میں مبینہ طور پر خودکشی کرنے والی لائبہ اعجاز کو اعلیٰ تعلیم کیلئے بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دینے والے گینگ کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار کیے جانے والے ملزمان میں نعمان، فاطمہ سرور اور عائزہ شامل ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے امریکی ویزا اور اسکالرشپ دلوانے کے نام پر مبینہ خودکشی کرنے والی لائبہ اعجاز سے 93 لاکھ روپے لیے، لائبہ کو جعلی اسکالرشپ، یونیورسٹی کے آفر لیٹرز اور فیس کی رسیدیں بھی دی گئیں۔
امریکا میں اعلیٰ تعلیم اور اسکالر شپ کا خواب فراڈ ثابت ہونے پر شدید مالی نقصان اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنے والی لائبہ نے 9 اکتوبر کو مبینہ طور پر گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کی تھی۔
دوسری جانب پولیس اور ایف آئی اے نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے اور فراڈ میں مزید افراد کے ملوث ہونے کے امکان پر تفتیش جاری ہے۔


