عارف بلڈر کو عدالت کا نوٹس جاری، غیر قانونی قبضے پر طلبی
شیئر کریں
ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ-1حیدرآبادمیں درخواست ،نامزد افراد کو آج پیش ہونے کا حکم
مصطفی بنگلوزکی اراضی پر قبضے کا الزام،عدالت کا عدم حاضری پر یکطرفہ کارروائی کا عندیہ
(رپورٹ: عمران سعید) ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ-1حیدرآباد، نے غیر قانونی قبضے کے معاملے میں عارف بلڈر، ان کے سپروائزرز اور دیگر متعلقہ افراد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق قربان علی کی جانب سے دائر کردہ کرمنل مسلینیس درخواست نمبر 3443/2026کی سماعت کے سلسلے میں عدالت نے عارف بلڈر، طالب میمن، ندیم سپروائزر، منیجر نعمان میمن اور غیر قانونی قبضے میں ملوث دیگر نامعلوم افراد اور ایسے پولیس اہلکاروں کو بھی فریق بنایا ہے جن کے بارے میں الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ قبضے میں سہولت کاری کی۔عدالت کی جانب سے جاری نوٹس میں تمام نامزد افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ پر بذاتِ خود یا اپنے وکیل کے ذریعے عدالت میں پیش ہو کر اپنا مؤقف اور اعتراضات جمع کرائیں۔ عدالتی حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ عدم حاضری کی صورت میں درخواست کی سماعت یکطرفہ طور پر کرتے ہوئے قانون کے مطابق فیصلہ کیا جا سکتا ہے ۔ذرائع کے مطابق یہ معاملہ حیدرآباد میں مصطفی بنگلوزکی اراضی پر مبینہ غیر قانونی قبضے سے متعلق ہے ، جس پر فریقین کے درمیان تنازع جاری ہے ۔ عدالت نے نوٹس کی تعمیل کے لیے ایس ایچ او ہٹری تھانے کو بھی ہدایات جاری کی ہیں۔قانونی حلقوں کا کہنا ہے کہ آئندہ سماعت کے دوران فریقین کے مؤقف سامنے آنے کے بعد کیس کی نوعیت اور الزامات کی مزید قانونی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ تاہم عدالت کی جانب سے جاری نوٹس نے اس معاملے کو ایک اہم قانونی موڑ پر لا کھڑا کیا ہے ۔


