کورونالاک ڈائون کاتوڑ،تاجروں نے گلی محلوں میں اسٹال سجادیے
شیئر کریں
کورونا لاک ڈاؤن کے باعث تجارتی سرگرمیوں پرپابندی کاتوڑنکال لیا گیا،عیدالفطرکی مناسبت سے ضروری سامان کی فروخت کے لیے مقامی سطح پرگلی محلوں میں ٹھیلوں،پتھاروں اوراسٹالزپرفروخت کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔عید الفطرسے قبل کورونا پابندیوں کے باعث تجارتی مراکز اوربازاربند ہونے کے بعد رزق حلال کی تلاش میں سرگرم کاروباری افراد نے اپنے گذربسرکے لیے تجارتی سامان دکانوں سے مقامی مارکیٹوں اوراپنے گلی محلوں میں ٹھیلوں،پتھاروں اوراسٹالزپرفروخت کے لیے پیش کردیا ہے جبکہ بعض علاقوں میں چھوٹے دکانداراورتاجرگذربسرکے لیے عید کی مناسبت سے سامان اپنے گھروں میں فروخت کررہے ہیں اورٹیلرز نے بھی گھروں میں سلائی کا کام جاری رکھا ہوا ہے۔ لاک ڈان کے دوران کراچی کے بڑے تجارتی اورکاروباری مراکز بند ہونے کی وجہ سے عید الفطرکی خریداری کے لیے بے چین خریداروں کی سہولت کے لیے خواتین کی جانب سے گھروں میں قائم اسٹور اوربوتیک پرخریداروں کا رش بڑھ گیا ہے اوران مراکز پرکاسمیٹک ، کپڑے،جوتے،جیولری کے علاوہ عیدالفطرکی مناسبت سے ہرقسم کا سامان موجود ہے۔اسی طرح گلی محلوں میں گارمنٹس کے علاوہ جوتے اورعید الفطرکی مناسبت سے دیگرضروری سامان کی مقامی سطح پرٹھیلوں اورپتھاروں پرموجودگی کے بعد عید کی خریداری کرنے والے خوش ہیں اورمقامی سطح پرگھریلو اسٹورزکے علاوہ پتھاروں پرعید کی تیاری کی مناسبت سے سامان کی خریدوفروخت میں اضافہ ہورہا ہے۔کراچی کے بیشترعلاقوں میں افطاری کے بعد گھروں میں قائم بوتیک، اسٹورزکے علاوہ مقامی سطح پرعید کی تیاری کے سلسلے میں خریدوفروخت کا سلسلہ تیز ہوجاتا ہے اس سلسلے میں آن لائن خریدوفروخت کے علاوہ مقامی سطح پرخریداروں کوآشیاء کی خریداری کی سہولت دستیاب ہے اورسوشل میڈیا کو رابطے کے طورپراستعمال کرکے چھوٹے تاجراوردکانداراپنے گذربسرکے لیے کاروباری سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔