میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ بلڈنگ، وسطی میں نمائشی انہدام کا ڈراما، ازسرِنو تعمیر نے بھانڈا پھوڑ دیا

سندھ بلڈنگ، وسطی میں نمائشی انہدام کا ڈراما، ازسرِنو تعمیر نے بھانڈا پھوڑ دیا

جرات ڈیسک
هفته, ۱۰ اکتوبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

ناظم آباد نمبر 3، بلاک اے ، پلاٹ نمبر 2/20پر گزشتہ ہفتے کا انہدام بے اثر ٹھہرا

قمر قائم خانی سسٹم ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زبیر مرتضیٰ کی غضنفر نامی تعمیراتی ٹھیکیدار کو چھوٹ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ضلع وسطی میں مبینہ خلافِ ضابطہ تعمیرات کے خلاف ہونے والی کارروائی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ ناظم آباد نمبر 3، بلاک اے ، پلاٹ نمبر 2/20 پر گزشتہ ہفتے کیا جانے والا نمائشی انہدام چند ہی روز بعد بے اثر دکھائی دینے لگا، جہاں مبینہ طور پر دوبارہ تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر انہدام کے باوجود تعمیراتی کام دوبارہ شروع ہوگیا ہے تو کارروائی کی قانونی حیثیت اور متعلقہ افسران کی نگرانی پر سنجیدہ سوالات پیدا ہوتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ پلاٹ پر خلافِ ضابطہ تعمیرات کے خلاف کارروائی کی گئی تھی، تاہم انہدام کے بعد تعمیراتی کام دوبارہ شروع ہونے سے یہ تاثر پیدا ہورہا ہے کہ کارروائی محض دکھاوے تک محدود رہی۔ علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور یہ تعین کیا جائے کہ انہدام کے بعد دوبارہ تعمیر کی اجازت یا سہولت کس کی جانب سے فراہم کی گئی۔مکینوں کے مطابق قمر قائم خانی سسٹم میں متعلقہ افسران کے کردار پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زبیر مرتضیٰ کی جانب سے غضنفر نامی تعمیراتی ٹھیکیدار کو مبینہ طور پر غیر معمولی رعایت حاصل رہی ہے ۔

مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ پلاٹ کی منظوری، تعمیراتی اجازت، انہدام کی کارروائی اور اس کے بعد جاری رہنے والے تعمیراتی کام کا مکمل ریکارڈ سامنے لایا جائے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر ایک ہی مقام پر پہلے خلافِ ضابطہ تعمیرات کے خلاف انہدام کیا جائے اور پھر اسی جگہ دوبارہ تعمیر شروع ہوجائے تو یہ محض ایک عمارت کا معاملہ نہیں بلکہ متعلقہ ادارے کے نگرانی اور نفاذِ قوانین کے نظام پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کراتے ہوئے ذمہ دار افسران اور تعمیراتی عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور پلاٹ پر جاری مبینہ غیر قانونی تعمیراتی سرگرمی فوری طور پر روکی جائے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں