میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
190ملین پاؤنڈ اور توشہ خانہ کیس، چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں خارج

190ملین پاؤنڈ اور توشہ خانہ کیس، چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں خارج

جرات ڈیسک
جمعرات, ۱۰ اگست ۲۰۲۳

شیئر کریں

احتساب عدالت نے 190 ملین پائونڈ بے ضابطگی اور توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں خارج کر دیں۔جمعرات کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی190ملین پائونڈ کیس میں ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ عدالت میں پیش ہوئیں جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی نہ ہوئے۔ دوران سماعت جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ بشریٰ بی بی کے وارنٹ تو جاری نہیں ہوئے؟ تفتیشی افسر کہاں ہیں؟ ادھر کھڑے ہوجائیں، یہ کیس انکوائری ہے یا انویسٹی گیشن کی اسٹیج پر ہے؟ اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہا کہ ابھی گرفتار کرنے کے کوئی آرڈر نہیں ہیں۔ بشریٰ بی بی کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ یہ کیس اب انویسٹی گیشن میں تبدیل ہوگیا ہے جبکہ وکیل انتظار پنجوتھا نے کہا کہ مستقبل سے متعلق کوئی ضمانت دے دیں۔ جج محمد بشیر نے کہا کہ نیب والے گرفتارکر لیتے ہیں تویہاں سے تو اچھا ہی ہوگا ناں، بشریٰ بی بی کو نیب نہ پکڑے، یہ نہ ہو کہ شام کو انہیں پکڑ لیں۔ عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں بشریٰ بی بی کو گرفتارنہ کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ سماعت کے دوران بشریٰ بی بی حاضری لگا کر عدالت سے روانہ ہوگئیں۔ بعد ازاں احتساب عدالت اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت قبل از گرفتاری سے متعلق محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عدم پیروی پر توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ اسکینڈل کیسز میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستیں خارج کر دیں۔ عدالت کی جانب سے درخواستیں خارج ہونے کے بعد اب چیئرمین پی ٹی آئی کو 190ملین پاؤنڈ اور توشہ خانہ انکوائری کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ دوسری جانب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت کی درخواست نمٹا دی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں