میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ اسمبلی ،اپوزیشن ارکان ایوان میں گٹرکاڈھکن لے آئے

سندھ اسمبلی ،اپوزیشن ارکان ایوان میں گٹرکاڈھکن لے آئے

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۲ ستمبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

 

سندھ اسمبلی نے منگل کو اپنے اجلاس میں عظیم صوفی شاعر حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پر انہیں نذرانہ عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔قرارداد کی منظوری سے قبل ایوان میں اپوزیشن ارکان کو بولنے کی اجازت نہ ملنے پر خاصا شور شرابہ اور احتجاج ہوا اور حزب اختلاف کے ارکان نے ایوان سے واک آئوٹ بھی کیا جبکہ اپوزشن کے کچھ ارکان لیاری میں ایک بچے کی گٹر میں گرکرموت پر احتجاج کرنے کیلئے اپنے ساتھ گٹر کے ڈھکن بھی اٹھالائے تھے۔سندھ اسمبلی کا اجلاس منگل کوسوا گھنٹہ کی تاخیر سے ڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری کی صدارت میں شروع ہوا۔ایوان کی کارروائی کے آغاز میںپی ٹی آئی کے خرم شیر زمان نے لیاری میںگٹر میں گر کر جاں بحق ہونے والے بچہ کیلئے دعا ئے مغفرت کی درخواست کی ۔پی ٹی آئی کے ایک دوسرے رکن سعید آفریدی نے کہا کہ سندھ حکومت ایک گٹر کا ڈھکن نہیں لگا سکتی اوراب کراچی کے بچے اتنے لاوارث ہوگئے ہیںوہ گٹر میں گر کر جاں بحق ہورہے ہیں۔ ایوان نے اداکار عمر شریف کی صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔پیپلز پارٹی کی رکن شرمیلا فاروقی ملک میں مہنگائی ہے قرضے بڑھ گئے ہیں دعا کی جائے کہ اللہ تعالی ہماری ایسے منحوس حکمرانوں سے جلد از جلد جان چھڑائے۔ اجلاس کے آغاز میں ہی ایوان کا ماحول کشیدہ نظر آیا،اپوزیشن ارکان نے دعا کے بعد شورشرابہ شروع کردیا جس پرڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری نے اپوزیشن ارکان کے مائیک بند کرادیئے ۔اپوزیشن ارکان لیاری میں گٹر میں گر کر جاں بحق بچے کے معاملے پر احتجاج کررہے تھے۔ڈپٹی اسپیکر نے اپوزیشن کے احتجاج کو نظر انداز کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ کو بولنے کی اجازت دیدی ،وہ عظیم صوفی شاعر حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک قرارداد پیش کرنا چاہتے تھے جس پر خرم شیرزمان نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کا رویہ جانبدارانہ ہے ،اسمبلی کے معمول کا ایجنڈا پورا کرایاجائے ۔اس موقع پرپی ٹی آئی اور ایم کیوایم پاکستان کے ارکان نے ہم آواز ہوکر ایوان میں زبردست احتجاج کیا اور اپوزیشن ارکان نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہوکر خوب نعرے بازی کی ۔تحریک انصاف کے خرم شیر زمان کچھ کہنا چاہتے تھے لیکن انہیں ڈپٹی اسپیکر نے بولنے کی اجازت نہ دی جس پر اپوزیشن کے کچھ ارکان ایوان سے احتجاجا واک آئو ٹ کر گئے۔ایم کیو ایم کے محمد حسین نے کہا کہ اسپیکر کے ساتھ میٹنگ میں طے ہوا تھا کہ سب کو بات کرنے کاموقع ملے گا۔اپوزیشن کے احتجاج کے دوران کچھ ارکان ایوان میں گٹر کے ڈھکن لے آئے۔ جس پر سید سردار شاہ نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہاکہ انکو گٹر کے ڈھکنوں پر سیاست کرنی ہے اور یہ لوگ شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پر گٹر کے ڈھکنوں پر بات کرنا چاہتے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں