طیارہ رول کر رہا ہے، تباہ ہونیوالے کارگو طیارے کے پائلٹ اور کنٹرول ٹاورز کی آخری گفتگو
شیئر کریں
بحیرہ عرب میں گر کر تباہ ہونے والے طیارے کے ٹو کارگو اور ائیر ٹریفک کنٹرولرز کے درمیان گفتگو کا ریکارڈ سامنے آگیا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ طیارہ رول کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی فضائی حدود میں K-2 ائیرویز کی پرواز KTA-1732 سے رابطہ منقطع ہوا اور ایمرجنسی رسپانس پلان فعال ہوا، پرواز کے ساتھ کراچی ائیر ٹریفک کنٹرول کا رابطہ اس وقت منقطع ہوگیا جب پائلٹ نے دورانِ پرواز نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دیتے ہوئے ریڈار ویکٹرنگ کے ذریعے رہنمائی کی درخواست کی۔
دستیاب معلومات کے مطابق 16:17 UTC پر پرواز کے کپتان نے کراچی ائیر ٹریفک کنٹرول کو آگاہ کیا کہ انہیں نیویگیشن سے متعلق مسئلہ درپیش ہے اور محفوظ رہنمائی کے لیے ریڈار ویکٹرنگ فراہم کی جائے، اسی وقت کپتان نے یہ بھی اطلاع دی کہ طیارہ رول کر رہا ہے۔واضح رہے کہ7 جولائی 2026 کو پاکستانی کارگو طیارہ بحیرہ عرب میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔کارگو طیارے میں 5 افراد سوار تھے جن میں پائلٹ محمد رضوان ادریس، فرسٹ آفیسر فیصل محمود، لوڈماسٹر محمد توفیق، انجینئر عارف صدیقی اور محمد حامد شامل ہیں، جہاز کے تمام عملے کا تعلق کراچی سے ہے۔


