کوروناکی بھارتی قسم سے خطرہ ،حکومت کا سختیاں بڑھانے کافیصلہ
شیئر کریں
کورونا کی نئی قسم کے ممکنہ حملے کے پیش نظر حکومت نے 9 سے 18 جولائی تک ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے سختی کا فیصلہ کرلیا۔انسداد کورونا کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے یکم اگست سے اندرون ملک ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر فضائی سفر پر پابندی عائد کردی۔این سی او سی اعلامیے کے مطابق ڈیلٹا وائرس درحقیقت انڈین وائرس ہے جو انتہائی خطرناک ہے، ملک میں ڈیلٹا وائرس کے کیسز سامنیآنے لگے ہیں جو کوروناکی چوتھی لہربھی ہوسکتی ہے۔این سی اوسی کے مطابق یکم اگست سے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر فضائی سفر پر پابندی عائد کردی گئی ہے ،سیاحتی مقامات پرجانے والے 30 سال یا زائد عمر کے افراد پر بغیرویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے پابندی لگادی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق کورونا کی بھارتی قسم (ڈیلٹا وائرس) کو انتہائی خطرناک قراردے دیا گیا ہے اور پاکستان میں ڈیلٹا وائرس کے کیسز سامنے آنے لگے ہیں جو کورونا کی چوتھی لہر بھی ہو سکتی ہے، جس کے پیش نظر این سی او سی نے ڈیلٹا وائرس اور پاکستان میں موجود دیگر وائرس کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دے دی ہے۔این سی او سی کے مطابق اگر ڈیلٹا وائرس پہ قابو پانے کے لئیے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس وائرس کی وجہ سے بھارت نے نہ صرف لاکھوں اموات کا سامنا کیا بلکہ ہسپتالوں میں آکسیجن کی کمی کے باعث عوام بے یار و مددگار اذیتیں جھیلتے رہے، تاہم پاکستانی عوام کو اس وائرس کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے این سی او سی نے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔این سی او سی کے مطابق کورونا کی چوتھی لہر کے پیش نظر متعلقہ ایس او پیز پر عمل درآمد اور ویکسین لگوانے کی رفتار کو تیز کرنے پہ زور دیا جائیگا اس ضمن میں موجودہ ایس او پیز کا شدت سے نفاذ 9 سے 18 جولائی تک یقینی بنایا جائے گا، اور عید الاضحی کے موقع پہ وبا کے پھیلاؤ کی صورت میں غیر ضروری نقل و حرکت کو محدود رکھنے کیلئے مختلف تجاویز زیر غور ہیں، جن پہ عمل درآمد کا فیصلہ کورونا کے پھیلاؤ کو مدنظر رکھ کر آئندہ چند دن میں کیا جائے گا، بڑھتی ہوئی وبا کے پیش نظر سیر و سیاحت پہ پابندی کا بھی امکان ہے۔این سی او سی نے بتایا کہ ایک بار پھر اس امر کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کی جا رہی ہیں کہ تمام پرائیویٹ سیکٹر ملازمین، بشمول کارپوریٹ سیکٹر، چھوٹی درمیانی اور بڑی انڈسٹری کے ملازمین، زراعت، میڈیا، وکلاء پرائیویٹ کمپنیاں، فیکٹری مزدور، مارکیٹ میں کام کرنے والے ملازمین، ٹرانسپورٹ سیکٹر سے منسلک افراد، ہوٹل ورکز، ریڑھی بان، جمنیزیم ملازمین ، مساجد کے خدام اور آئماء ، شادی ھال اور ورکشاپس پر کام کرنے والے افراد کو لازماً 31 جولائی سے قبل ویکسین لگوائی جائے، 18 سال سے زائد عمر کے طلبہ اور طالبات کے لیے 31 اگست تک ویکسن لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔این سی او سی کے مطابق یکم اگست سے ویکسینیشن سرٹیفکٹ کے بغیر ہوائی سفر کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، پاکستان کے تمام سیاحتی مقامات پہ جانے والے 30 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد پر بغیر ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے سفر اور ہوٹل بکنگ پر عائد پابندی کو یقینی بنانے کے لئیے احکامات جاری کردئے گئے ہیں، یکم اگست سے اس پابندی کا اطلاق 18 سے 30 سال تک کے افراد پہ بھی ہو گا، اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔