
ونڈ پاؤر کے گرڈ اسٹیشن اور ٹرانسمیشن لائن میں خرابیاں،اربوں کا نقصان
شیئر کریں
ونڈ پاور پروڈیوسرز کو 8ارب کی ادائیگی کے باوجود بجلی قومی گرڈ میں شامل نہ ہو سکی
نیپرا کو اربوں روپے نقصان پر اعلیٰ حکام کی پی پی ایم سی لیول پر انکوائری کی سفارش
سندھ میں ونڈ پاور کے گرڈ اسٹیشن اور ٹرانسمیشن لائن میں خرابیاں، ونڈ پاور پروڈیوسرز کو 8 ارب روپے کی ادائیگی کے باوجود بجلی پیداوار قومی گرڈ میں شامل نہ ہو سکی، نیپرا کو اربوں روپے کا نقصان ہو گیا، اعلیٰ حکام نے انکوائری کرنے کی سفارش کر دی۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق نیشنل ٹرانسمیشن ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) اور یو ایس ایڈ کے درمیان ستمبر 2015میں سندھ ونڈ کاریڈور کے ذریعے بجلی پیداوار کا معاہدہ ہوا، معاہدے کے بعد ہوا سے بجلی پیدا کرنے والی کمپنیز (ونڈ پاور پروڈیوسرز) کو 8 ارب 64 کروڑ 80 لاکھ روپے ادا کئے گئے اور پروڈیوسرز بجلی فراہم کرنے کے لئے تیار تھے لیکن 220 کے وی کی جھمپیر گرڈ اسٹیشن ٹرپنگ اور غیر مستحکم ہونے کے باعث فل لوڈ نہیں لی سکی، گرڈ اسٹیشن اور ٹرانسمیشن لائن کی کمزوری کے باعث 5لاکھ 36ہزار 4 سو یونٹس ضائع ہو گئے ، جس کے نتیجے میں نیپرا کو 8ارب 64 کروڑ 80لاکھ روپے کا نقصان ہو گیا، پانی اور بجلی وزارت کو ستمبر 2020میں آگاہ کیا گیا، ڈی اے سی نے انتظامیہ کو سفارش کی ہے کہ پی پی ایم سی لیول پر انکوائری کی جائے ۔