پاکستانی فضائیہ نے معرکہ حق میں اپنے کردار سے دنیا کو حیران کر دیا( صدر و وزیراعظم)
شیئر کریں
قوم کو پاک فضائیہ کی صلاحیتوں پر فخر ہے،پاک فضائیہ نے ہمیشہ ملکی حدود کا دفاع کیا،صدرآصف علی زرداری
پاکستانی فضائیہ ہمیشہ کی طرح ملکی خودمختاری، جغرافیائی سرحدوں اور سالمیت کا بھرپور دفاع کرتی رہے گی،شہبازشریف
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ایٔر فورس نے مسلح افواج کے ساتھ مل کر بھارت کے خلاف معرکہ حق میں فیصلہ کن کردار ادا کیا اور جس طرح ہر محاذ پر دشمن کو شکست دی، اس نے پوری دنیا کو حیران کر دیا۔ یوم فضائیہ پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک فضائیہ نے 1965 کی جنگ میں شجاعت کی تاریخ رقم کی، پاک فضائیہ فضائیہ نے اپنی شاندار مہارت اور پیشہ وارانہ جرات کا مظاہرہ کیا، پاک فضائیہ نے اپنی مہارت سے دنیا کو حیران کیا۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ ملکی حدود کا دفاع کیا، قوم اپنے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے، پاک فضائیہ نے معرکہ حق میں فیصلہ کن کردار ادا کیا، قوم کو پاک فضائیہ کی صلاحیتوں پر فخر ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاک فضائیہ کی جدید صلاحیتیں قوم کے دفاع کی ضمانت ہیں۔رواں برس اس دن کی اہمیت اس لیے زیادہ ہے کہ مئی میں انڈیا کے ساتھ ہونے والی چار روزہ جنگ میں پاکستان فضائیہ نے چھ انڈین طیارے مار گرائے تھے، جس کا اعتراف نئی دہلی حکام بھی کر چکے ہیں۔ یوم فضائیہ پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے بھارت سے حالیہ جنگ میں پاکستان ایٔرفورس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یقینا پاکستان ایٔر فورس کی یہ شاندار کارکردگی جرات مند قیادت، جانباز سپوتوں کی مہارت، اعلیٰ حکمت عملی اور کثیر الجہتی جنگی صلاحیتوں کے موثر استعمال کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ میں خصوصا اس بات پر فخر محسوس کرتا ہوں کہ پاکستانی فضائیہ نے اپنی شاندار تاریخی روایت کو زندہ رکھتے ہوئے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو بھی شکست دی، ہمارے ہیروز نے بہادری سے یہ ثابت کیا کہ دشمن کتنا ہی طاقتور اور اسلحہ سے لیس کیوں نہ ہو، وہ کبھی جذبے اور حوصلے کو شکست نہیں دے سکتا۔وزیراعظم نے کہا کہ آج کی پاکستان ایٔر فورس ان بہادر بیٹوں کو زبردست خراجِ تحسین ہے جنہوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر ایٔر فورس کی تاریخ رقم کی، مجھے یقین ہے کہ پاکستانی فضائیہ ہمیشہ کی طرح ملکی خودمختاری، جغرافیائی سرحدوں اور سالمیت کا بھرپور دفاع کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان ایٔر فورس کے جانبازوں کی بہادری اور قربانیوں کو یاد کرتے ہیں، خاص طور پر ان کو جنہوں نے 1965 کی پاکستان بھارت جنگ کے دوران وطن کا دفاع کیا، یہ دن پاکستان ایٔر فورس کے شہدا کے نام ہے، جنہوں نے جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کی روح کے ساتھ تاریخ رقم کی،1965 میں تین ہفتے تک جاری رہنے والے اس معرکے میں پاکستان نے بھارت کے 31 طیارے مار گرائے تھے۔


