میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
منفی سوچ!

منفی سوچ!

جرات ڈیسک
منگل, ۷ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

منفی سوچ ایک خاموش زہر ہے۔ جو دماغ، رشتوں اور کامیابی کو اندر ہی اندر کھا جاتا ہے۔ انسان کی زندگی کا سب سے بڑا تحفہ تندرستی کے بعد اس کا ذہن ہے۔ یہی ذہن امید پیدا کرتا ہے، خواب بناتا ہے اور کامیابی کی راہیں کھولتا ہے۔ لیکن جب اسی ذہن پر منفی سوچ کا قبضہ ہو جائے تو انسان کی صلاحیتیں محدود، فیصلے کمزور اور زندگی کا لطف ماند پڑ جاتا ہے۔ جدید نیورولوجی، نفسیات اور تنظیمی تحقیق اس حقیقت پر متفق ہیں کہ منفی سوچ صرف ایک احساس نہیں بلکہ ایک ایسا طرزِ فکر ہے جو فرد، خاندان، ادارے اور معاشرے تک پر گہرے اثرات مرتب کرتا ہے۔

نیورولوجی کے مطابق منفی خیالات دماغ کے ایک اہم حصے ایمیگڈیلا (Amygdala)کو ضرورت سے زیادہ متحرک کر دیتے ہیں۔ ایمیگڈیلا، جو شکل میں بادام سے مشابہ ہونے کی وجہ سے "بادام نما غدہ”بھی کہلاتا ہے، دماغ کے ٹیمپورل لوب
(Temporal Lobe) میں موجود ہوتا ہے اور ہر دماغی نصف کرے میں ایک ایک ایمیگڈیلا پایا جاتا ہے۔ اس کا بنیادی کام خوف، غصہ، خوشی اور دیگر جذبات کو پہچاننا اور ان پر فوری ردِعمل دینا ہے۔ جب انسان کسی خطرے یا شدید منفی خیال کا سامنا کرتا ہے تو ایمیگڈیلا فوراً فعال ہو جاتا ہے اور جسم کو "لڑو یا بھاگو” (Fight or Flight)کی کیفیت کے لیے تیار کرتا ہے۔ اس دوران کورٹیسول (Cortisol) جیسے تناؤ پیدا کرنے والے ہارمون خارج ہوتے ہیں۔ اگر یہ کیفیت مسلسل برقرار رہے تو یادداشت، توجہ، فیصلہ سازی اور تخلیقی صلاحیت متاثر ہونے لگتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ نفسیات میں "نیگیٹوٹی بائس” (Negativity Bias)کا نظریہ بتاتا ہے کہ ہمارا دماغ مثبت تجربات کے مقابلے میں منفی تجربات کو تقریباً پانچ گنا زیادہ شدت سے محفوظ کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایک تعریف کے مقابلے میں ایک تنقید ہمیں زیادہ دیر تک یاد رہتی ہے، اور ایک ناکامی کئی کامیابیوں پر غالب آ جاتی ہے۔

منفی سوچ کے اثرات صرف فرد تک محدود نہیں رہتے بلکہ سماجی سطح پر بھی نمایاں ہوتے ہیں۔ ماہرین اسے "ایموشنل کنٹیجین” (Emotional Contagion)کہتے ہیں، یعنی جذبات کا ایک شخص سے دوسرے شخص تک منتقل ہونا۔ تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ ایک مسلسل منفی مزاج رکھنے والا فرد چار سے چھ افراد کے موڈ اور رویّے کو متاثر کر سکتا ہے۔ یہی منفی فضا گھروں میں بے سکونی اور اداروں میں کمزور تنظیمی ثقافت کا سبب بنتی ہے۔منفی سوچ کے نقصانات زندگی کے تقریباً ہر شعبے میں محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ تحقیقی مطالعات کے مطابق
منفی سوچ تخلیقی صلاحیت میں تقریباً 30فیصد تک کمی لا سکتی ہے۔ مسائل حل کرنے کی رفتار اور معیار متاثر ہوتا ہے اور نئے خیالات پیدا کرنے کی صلاحیت کمزور پڑ جاتی ہے۔ مسلسل ذہنی دباؤ بلند فشارِ خون، نیند کی خرابی، تھکن اور جسم کے مدافعتی نظام کی کمزوری کا باعث بنتا ہے، جس سے بیماریوں کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ منفی سوچ شکوک و شبہات، بداعتمادی اور غیر ضروری دفاعی رویّوں کو جنم دیتی ہے، جس کے نتیجے میں خاندان، دوستوں اور ساتھیوں کے ساتھ تعلقات متاثر ہوتے ہیں۔ منفی سوچ سے انسانی کارکردگی و افادیت میں کمی واقع ہوتی ہے۔

اب سوال یہ ہے کہ منفی سوچ پیدا کہاں سے ہوتی ہے؟ اس کی متعدد وجوہات ہو سکتی ہیں۔ بچپن کے تلخ تجربات، مسلسل تنقید، ناکامی کا خوف، معاشرتی بیانیے جیسے "کامیابی محدود ہے "یا "مقابلہ بہت سخت ہے "، ذاتی محدود عقائد جیسے "میں کافی اچھا نہیں ہوں "یا اس کے برعکس "میں ہی سب سے بہتر ہوں "، نیز غلط معلومات اور سوشل میڈیا کا بے تحاشا استعمال، یہ سب ذہن میں منفی سوچ کی جڑیں مضبوط کرتے ہیں۔
خوش آئند بات یہ ہے کہ منفی سوچ سے نجات ممکن ہے، بشرطیکہ اس کے لیے شعوری کوشش کی جائے۔ اس مقصد کے لیے
4R Frameworkنہایت مؤثر اور قابلِ عمل طریقہ پیش کرتا ہے۔

پہلا مرحلہ Recognizeیعنی پہچانیں۔ سب سے پہلے اپنے منفی خیال کو پہچانیے اور اس کو نام دیجیے۔ مثلاً:”یہ ناکامی کا خوف ہے”۔ روزانہ تین منٹ خاموش بیٹھ کر سانس پر توجہ مرکوز کریں اور اپنے ذہن میں آنے والے خیال کو الفاظ میں بیان کریں۔ یہ مختصر Mindful Pause ذہنی آگاہی پیدا کرتا ہے۔

دوسرا مرحلہ Reframeیعنی سوچ کا زاویہ بدلیں۔ منفی خیال کو ایک تعمیری اور مثبت جملے میں تبدیل کریں۔ مثال کے طور پر:”ناکامی
میری شکست نہیں بلکہ سیکھنے کا موقع ہے۔” روزانہ شکر گزاری اور مثبت سوچ پر مبنی مختصر ڈائری لکھیں، جس میں ایک نعمت کا ذکر اور ایک منفی خیال کو مثبت انداز میں تحریر کریں۔

تیسرا مرحلہ Replaceیعنی عمل سے بدلیں، مثبت سوچ کو کسی چھوٹے عملی قدم سے جوڑ دیں۔ گہری سانس لینا، پانی پینا، کسی کو مسکرا کر سلام کرنا یا دو منٹ میں مکمل ہونے والا کوئی مفید کام کرنا، یہ سب Tiny Habits ہیں جو ذہن کو نئے راستے پر ڈالتے ہیں۔

چوتھا مرحلہ Reinforceیعنی تقویت دیں، اپنی مثبت تبدیلیوں کو تسلسل دیں۔ ہر ہفتے ایک Reflection Gridبنائیں اور خود سے تین سوال پوچھیں۔ اس ہفتے کیا بہتر ہوا؟ کیوں بہتر ہوا؟ اگلا ہدف کیا ہے؟

حقیقت یہ ہے کہ منفی سوچ ایک ایسا خاموش زہر ہے جو انسان کی صلاحیت، صحت، تعلقات اور کامیابی کو آہستہ آہستہ کھوکھلا کرتا رہتا ہے۔ لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ انسان اپنے ذہن کا قیدی نہیں، بلکہ اس کا معمار بھی بن سکتا ہے۔ جب ہم اپنے خیالات کو پہچانتے ہیں، انہیں مثبت انداز میں ڈھالتے ہیں، ان کے مطابق عملی قدم اٹھاتے ہیں اور اس عمل کو مستقل مزاجی سے جاری رکھتے ہیں تو نہ صرف ہماری شخصیت نکھرتی ہے بلکہ ہمارے رشتے، قیادت، ٹیم ورک اور پیشہ ورانہ زندگی بھی بہتر ہو جاتی ہے۔

یاد رکھیے۔ منفی سوچ وہ زہریلا اژدہا ہے جو آپ کی قابلیت، رشتوں اور کاروبار کی بنیاد کو ڈستا ہے۔ اسے پہچانیے، اپنی سوچ کی نئی کہانی
لکھیے اور مثبت عمل کے چھوٹے چھوٹے قدم اٹھائیے، کیونکہ کامیابی کا پہلا دشمن منفی ذہن ہے، جبکہ اس کا سب سے مضبوط محافظ مثبت،
باشعور اور تعمیری انتخاب ہے۔
٭٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں