پی پی ایچ آئی میں ادویات کی چوری،ریکارڈ میں خرد برد
شیئر کریں
دفتر سے 90 لاکھ روپے سے زائد ادویات چوری کا انکشاف ، چار ملزمان پر مقدمہ درج
پینا ڈول، اینٹی بائیوٹکس، میٹرو نائڈازول اور ڈائیکلو فینک سمیت دیگر ادویات شامل ہیں
پی پی ایچ آئی کے دفتر سے 90 لاکھ روپے سے زائد ادویات چوری کا انکشاف ، چار ملزمان پر مقدمہ درج ۔ تفصیل کے مطابق پی پی ایچ آئی (PPHI) ڈگری کے دفتر میں 90 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ادویات کی مبینہ چوری اور ریکارڈ میں خرد برد کا انکشاف ہوا ہے، ڈگری تھانے میں درج ایف آئی آر نمبر 67؍2026 کے مطابق پی پی ایچ آئی کے ڈسٹرکٹ مینیجر دلیپ کمار نے موقف اختیار کیا ہے کہ جون 2025 کے دوران ادارے کے اسٹور سے بھاری مقدار میں ادویات غائب ہوئیں، جن میں پینا ڈول، اینٹی بائیوٹکس، میٹرو نائڈازول اور ڈائیکلو فینک سمیت دیگر ادویات شامل ہیں۔ مدعی نے موقف اختیار کیا ہے ادویات کی چوری پر ڈیپارٹمنٹل انکوائری میں سامنے آیا کہ اسٹور مینیجر سید حماد حسین، اسسٹنٹ اسٹور مینیجر حافظ محمد کاشف، شاہنواز کوری اور انیل کمار نے مبینہ طور پر ملی بھگت سے ادویات چوری کیں اور بعد ازاں بعض ملزمان نے ملازمت سے استعفیٰ بھی دے دیا۔ ڈگری تھانے میں درج مقدمے کے مطابق مجموعی طور پر 90 لاکھ 25 ہزار 816 روپے مالیت کی ادویات کی چوری اور ریکارڈ میں ردوبدل کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ڈگری پولیس نے تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 406، 407، 381 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش انسپکٹر محمد حسن چانگ کے سپرد کر دی ہے۔


