میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی پٹہ سسٹم مافیا میں اختلافات

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی پٹہ سسٹم مافیا میں اختلافات

ویب ڈیسک
پیر, ۵ جون ۲۰۲۳

شیئر کریں

صوبائی وزیر بلدیات ناصر شاہ مافیا سے دامن
چھڑانے لگے،کے ٹی سسٹم فعال ہونا شروع
کراچی (رپورٹ: آصف سعود) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں کے ٹیسسٹم فعال ہونا شروع ہوگیا، کراچی کے 2 اضلاع میں پٹہ سسٹم کا کنٹرول کے ٹی سسٹم کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اویس حسین کے حوالے کردیا گیا، ضلع جنوبی کا کنٹرول اویس حسین کو دیئے جانے پر پٹہ سسٹم کے مرکزی کردار شہزاد آرائیں نے اپنے پارٹنر فیصل میمن سے شدید احتجاج کیا، سندھ کی وزارت اعلیٰ کا خواب دیکھنے والے صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین پٹہ سسٹم مافیا سے اپنا دامن چھڑانے لگے، ضلع شرقی کا کنٹرول بھی کے ٹی سسٹم کے حوالے کئے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق انتہائی باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی پٹہ سسٹم مافیا میں اختلافات شدت اختیار کررہے ہیں پٹہ سسٹم مافیا کا ڈیڑھ سالہ سسٹم کمزور پڑنا شروع ہوگیا ہے شہزاد آرائیں اور فیصل میمن اپنے پٹہ سسٹم کو بچانے کیلئے سرگرم ہوگئے ہیں اہم ذریعے کا کہنا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے پٹہ سسٹم مافیا میں KT سسٹم کی انٹری نے شہزاد آرائیں اور فیصل میمن کے سسٹم کو شدید مشکلات سے دوچار کیا ہوا ہے، اہم ذریعے کا کہنا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں KT سسٹم نے فعال ہوتے ہی کراچی کے 2 اہم اضلاع ضلع وسطی اور ضلع جنوبی کا پٹہ سسٹم اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ کے ٹی سسٹم نے ایس بی سی اے کی پٹہ سسٹم کا کنٹرول سنبھالنے کیلئے ایس بی سی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اویس حسین کی خدمات حاصل کی ہیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اویس حسین ماضی میں بھی کے ٹی سسٹم کا ایس بی سی اے میں پٹہ سسٹم چلاچکا ہے اورکے ٹی سسٹم اویس حسین پر مکمل بھروسہ کرتا ہے، ذریعے کا کہنا ہے کہ کے ٹی سسٹم نے پہلے اویس حسین کو ضلع وسطی کا مکمل کنٹرول دلایا جس پر شہزاد آرائیں اور فیصل میمن کی جانب سے دبے لفظوں میں مزاحمت کی گئی اور اس حوالے سے فیصل میمن کے ذریعے صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین سے احتجاج بھی کیا گیا لیکن ناصر حسین کی جانب سے کوئی خاص رسپانس نہ ملنے پر شہزاد آرائیں اور فیصل میمن نے KT سسٹم کو ضلع وسطی کا کنٹرول دینے پر خاموشی اختیار کرلی تاہم جب کے ٹی سسٹم نے ضلع جنوبی کا کنٹرول حاصل کیا تو شہزاد آرائیں کو شدید دھچکا لگا اور اس نے اس حوالے سے اپنے پارٹنر فیصل میمن سے بھرپور احتجاج کیا لیکن شہزاد آرائیں کے اس احتجاج کو نظر انداز کرتے ہوئے ضلع جنوبی کے پٹہ سسٹم کا کنٹرول کے ٹی سسٹم کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اویس حسین کو دے دیا گیا اور اویس حسین نے ضلع جنوبی میں اپنے خاص کارندے ایس بی سی اے ملازم ظفر سپاری کو پٹہ سسٹم کی ساری ذمہ داریاں سونپ دیں۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ شہزاد آرائیں نے جب سے پٹہ سسٹم کا کنٹرول سنبھالا اس وقت سے اس نے ضلع جنوبی اور ضلع شرقی کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں رکھا تھا کیونکہ دونوں اضلاع غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے مقبول ہیں اور ان اضلاع سے پٹہ سسٹم کو ماہانہ کروڑوں روپے کا بھتہ ملتا ہے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ کے ٹی سسٹم کے اویس حسین کی جانب سے ضلع جنوبی کے پٹہ سسٹم کا کنٹرول سنبھالتے ہی ضلع جنوبی سے شہزاد آرائیں کیلئے کام کرنے والے افسران کا یا تو تبادلہ کروادیا گیا یا پھر انہیں یونین کونسلوں تک محدود کردیا گیا اس ساری صورتحال سے شہزاد آرائیں اور فیصل میمن سخت پریشان ہیں۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ ضلع شرقی کے پٹہ سسٹم کا کنٹرول بھی کے ٹی سسٹم کے حوالے کیا جارہا ہے، تاہم ابھی اس کا حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ شہزاد آرائیں اپنے پارٹنر فیصل میمن کے ذریعے صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین سے اپنی مرضی کے فیصلے مسلط کراتا تھا لیکن ناصر حسین نے اب سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے پٹہ سسٹم کے معاملات میں بے جا مداخلت ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ذریعے کے بقول ناصر حسین شاہ عام انتخابات سے قبل پٹہ سسٹم سے اپنا دامن صاف کرنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ خود کو سندھ کی وزارت اعلیٰ کا مضبوط امیدوار سمجھتے ہیں ،ایسی صورتحال میں اگر وہ پٹہ سسٹم کی کرپشن کا سارا ملبہ اپنے اوپر لیں گے تو ان کا سیاسی مستقبل دائو پر لگ سکتا ہے، اہم ذریعے کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اویس حسین KT سسٹم کی چھتری کے نیچے آکر خود کو پٹہ سسٹم میں مزید مضبوط کررہا ہے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں KT سسٹم کا پٹہ سسٹم جس تیزی سے سرگرم ہورہا ہے ،اس سے لگتا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے شہزاد آرائیں اور فیصل میمن کے پٹہ سسٹم کا یا تو مکمل خاتمہ ہوجائے گا یا پھر شہزاد آرائیں اور فیصل میمن کا پٹہ سسٹم ایک سے دو اضلاع تک محدود ہوجائے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں