پکانے سے پہلے مرغی کا گوشت دھونا خطرناک، جراثیم پورے کچن میں پھیلنے کا خدشہ
شیئر کریں
کچے چکن کو دھونے سے سالمونیلا اور کیمپائلووبیکٹر جیسے بیکٹیریا ختم نہیں ہوتے
پانی کے چھینٹے سنک، کانٹر اور دیگر غذاں کو آلودہ کرسکتے ہیں، ماہرین
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھانا پکانے سے پہلے کچے چکن کو نل کے نیچے دھونا بظاہر صفائی کا عمل محسوس ہوتا ہے، تاہم ماہرین صحت کے مطابق یہ عادت فائدے کے بجائے نقصان کا باعث بن سکتی ہے، کیونکہ پانی کے چھینٹوں کے ذریعے کچے گوشت میں موجود خطرناک جراثیم باورچی خانے کی مختلف سطحوں اور دیگر غذائوں تک پھیل سکتے ہیں۔
کچے چکن میں سالمونیلا اور کیمپائلووبیکٹر جیسے نقصان دہ بیکٹیریا پائے جا سکتے ہیں، جو فوڈ پوائزننگ کا سبب بن سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق چکن کو پانی سے دھونے سے یہ جراثیم ختم نہیں ہوتے بلکہ بہتے پانی کے قطرے گوشت سے ٹکرا کر باریک ذرات کی صورت میں سنک، کچن کانٹر، برتنوں، کٹنگ بورڈ اور قریب رکھی خوراک تک پہنچ سکتے ہیں۔
دہلی کے ماہر امراض قلب ڈاکٹر الوک چوپڑا نے بھی سوشل میڈیا پر لوگوں کو کچا چکن دھونے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ان کے مطابق چکن کو محفوظ بنانے کا موثر طریقہ اسے دھونا نہیں بلکہ مناسب درجہ حرارت پر اچھی طرح پکانا ہے۔
ماہرین کے مطابق پانی، سرکہ یا لیموں کا رس کچے چکن میں موجود تمام خطرناک بیکٹیریا کو ختم کرنے کی ضمانت نہیں دیتے۔
چکن کو محفوظ بنانے کے لیے اسے اندرونی طور پر کم از کم 165 ڈگری فارن ہائیٹ (تقریبا 74 ڈگری سینٹی گریڈ)تک پکانا ضروری ہے۔صرف چکن کا بیرونی حصہ سفید یا بھورا ہوجانا اس بات کی مکمل ضمانت نہیں کہ گوشت اندر سے بھی اچھی طرح پک چکا ہے۔ خصوصا موٹے ٹکڑوں میں اندرونی درجہ حرارت مناسب ہونا زیادہ اہم ہے۔
ماہرین کے مطابق کچا چکن پیکٹ سے نکال کر بغیر دھوئے براہ راست پکانے کے لیے تیار کیا جاسکتا ہے۔ اگر گوشت بہت زیادہ گیلا ہو تو اسے صاف کاغذ سے ہلکے ہاتھ سے خشک کیا جائے اور استعمال شدہ کاغذ فوری طور پر تلف کردیا جائے۔
کچے چکن کو چھونے کے بعد ہاتھ کم از کم 20 سیکنڈ تک صابن اور پانی سے اچھی طرح دھونابھی ضروری ہے۔ اسی طرح وہ چھری، کٹنگ بورڈ، پلیٹ اور کانٹر بھی اچھی طرح صاف کیے جائیں جن پر کچا گوشت رکھا گیا ہو۔
کچے گوشت کے لیے الگ کٹنگ بورڈ استعمال کرنا بھی بہتر ہے، تاکہ اسے سلاد، پھل یا دیگر ایسی غذاں کے لیے استعمال نہ کیا جائے جو بعد میں پکائی نہیں جاتیں۔آلودہ غذا کے استعمال سے بعض افراد میں پیٹ میں درد، متلی، قے، دست اور بخار جیسی علامات ظاہر ہوسکتی ہیں۔
علامات کی شدت بیکٹیریا کی قسم اور متاثرہ فرد کی صحت کے مطابق مختلف ہوسکتی ہے۔ماہرین نے کہا کہ چکن خریدنے سے لے کر اسے گھر میں رکھنے، کاٹنے اور پکانے تک صفائی کے اصولوں پر عمل کرنا ضروری ہے۔
کچے چکن کو دھونے سے گریز اور اسے مناسب درجہ حرارت پر مکمل طور پر پکانا جراثیم سے بچا کا زیادہ محفوظ طریقہ ہے۔


