میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سر سید یونیورسٹی میں خفیہ کیمرے کی تنصیب، انکوائری مکمل، ذمہ دار ملازم برطرف

سر سید یونیورسٹی میں خفیہ کیمرے کی تنصیب، انکوائری مکمل، ذمہ دار ملازم برطرف

جرات ڈیسک
جمعه, ۴ ستمبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

محمد عزیر حفیظ کو غیر قانونی و غیر اخلاقی عمل کا ذمہ دار قرار دے دیا گیا

ایم ایس پروگرام سے بھی خارج، دونوں اداروں میں داخلے پر پابندی عائد

………………………

سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (ایس ایس یو ای ٹی) میں غیر مجاز خفیہ کیمرے کی تنصیب کے واقعے کی انکوائری مکمل کرلی گئی، انکوائری کمیٹی نے دستیاب شواہد اور متعلقہ افراد کے بیانات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد محمد عزیر حفیظ کو واقعے کا ذمہ دار قرار دے دیا۔ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق دستیاب شواہد اور متعلقہ ملازم کے اپنے بیان کی روشنی میں خفیہ کیمرے کی تنصیب ان کا انفرادی فعل ثابت ہوئی، جبکہ معاملے میں کسی دوسرے فرد، ملازم، افسر یا ادارے کی شمولیت، معاونت یا حمایت کے شواہد سامنے نہیں آئے۔

انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور علی گڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (اے آئی ٹی) کی انتظامیہ نے محمد عزیر حفیظ کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر ملازمت سے برطرف کردیا۔ انتظامیہ نے انہیں سر سید یونیورسٹی میں جاری ماسٹرز (ایم ایس) پروگرام سے بھی فوری طور پر خارج کردیا ہے، جبکہ سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی اور علی گڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کراچی، دونوں اداروں کے احاطے میں ان کے داخلے پر بھی فوری پابندی عائد کردی گئی ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ طلبہ، اساتذہ اور ملازمین کی عزت، نجی زندگی، وقار اور محفوظ تعلیمی و پیشہ ورانہ ماحول کا تحفظ اداروں کی اولین ترجیح ہے۔ کسی بھی فرد کی جانب سے غیر قانونی، غیر اخلاقی یا کسی کی نجی زندگی میں مداخلت پر مبنی اقدام کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انتظامیہ کے مطابق ایسے کسی بھی واقعے کی صورت میں مکمل اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں گی اور الزامات ثابت ہونے پر بلاامتیاز سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سر سید یونیورسٹی اور علی گڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی انتظامیہ نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ دونوں اداروں میں طلبہ، اساتذہ اور ملازمین کے لیے باوقار، محفوظ اور نجی زندگی کے احترام پر مبنی تعلیمی و پیشہ ورانہ ماحول یقینی بنایا جائے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں