نئے صوبوں پر اتفاق رائے پیدا ہونا چاہیے،بحث اچھی بات ہے' راناثناءاللہ
شیئر کریں
محسن نقوی کی باتوں کا جواب دینا چاہتا تھالیکن پارٹی پالیسی ہے ان کی باتوں کا جواب نہ دیں
بلاول بھٹو کو 10 اگست تک الٹی گنتی رکھنی چاہیے،10کے بعد سیدھی ہو جائیگی،آزاد کشمیر میں حکومت بنائیں گے
کالعدم ایکشن کمیٹی کیساتھ مل کر سازش کی گئی، میرا الزام ثابت نہ ہو تو جو سزا دیں گے لینے کو تیار ہوں’ انٹر ویو
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ٹک ٹاک اور گنتی کی آواز آ رہی ہے، بلاول بھٹو اچھی حکمت عملی اپنائے ہوئے ہیں، بلاول بھٹو کو آخری بال تک لڑائی کرنی چاہیے، بلاول بھٹو کو 10 اگست تک الٹی گنتی رکھنی چاہیے، 10اگست کے بعد گنتی سیدھی ہو جائے گی،(ن)لیگ آزاد کشمیر میں حکومت بنائے گی، پیپلزپارٹی آزاد کشمیر میں اپوزیشن کا کردار نبھائے گی، آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا دور شروع ہو گا، پیپلز پارٹی نے انتہائی غیر سنجیدہ الزامات بہت سنجیدگی سے لگائے ہیں، کالعدم ایکشن کمیٹی کے ساتھ ملکر سازش کی گئی،ایک ایک کا نام ثابت کریں گے، میرا الزام ثابت نہ ہو تو جو سزا دیں گے لینے کو تیار ہوں۔
ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا اپنے کارکن کے قتل کا الزام غیرسنجیدہ ہے، ایک بیان آ رہا ہے کہ بزرگ آدمی ہارٹ اٹیک سے فوت ہوئے، ابھی طے نہیں ہوا کہ ڈنڈا لگنے یا ہارٹ اٹیک سے وفات ہوئی، پیپلز پارٹی نے ایل اے 31 کے اپنے امیدوار پر قاتلانہ حملے کا کہا، پتا چلا کہ ایل اے 31 کے امیدوار کو گالیاں نکالی گئیں، کیا گالیاں نکالنے سے قاتلانہ حملہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک افواہ اڑائی گئی کہ پیپلزپارٹی کے ایم این اے کو زخمی کر دیا گیا لیکن پتہ کروایا گیا تو ایک ایم این اے گاڑیوں کے ساتھ پولنگ اسٹیشنز میں آئے، فائرنگ کی،یہ سب ووٹنگ روکنے کیلئے سانگھڑ کے ایم این اے صلاح الدین جونیجو نے کیا اور جب صلاح الدین جونیجو چوتھے پولنگ اسٹیشن پر گئے تو عوام نے شور شرابہ کیا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم نے کہا کہ ایم این اے کا بازو ٹوٹ گیا ہے تو ہسپتال لائیں اور پرچہ دیں لیکن بعدمیں کہا گیا ایم این اے کاہاتھ ٹوٹ گیا ہے ، ہم نے کہا اس کا میڈیکل کروائیں تو پھر کہا گیا کہ ایم این اے کے انگوٹھے کو گولی چھو کر گزری،ہم نے کہا ڈاکٹر سے لکھوا دیں کہ گولی انگھوٹھے کو چھو کر گزری ہے تو پرچہ دے دیتے ہیں۔پھر کہتے ہیں کہ گولی انگوٹھے کو چھو کر نہیں گزری بلکہ ایم این اے کے پاس سے گزری ہے،ایک ایم این اے کا کیا کام ہے کہ دوسرے صوبے کی پولیس کو پولنگ اسٹیشنز پر لے جائے، ساتوں حلقوں میں 53 فیصد ٹرن آئوٹ رہا ہے،بلاول بھٹو کو ان کے لوگوں نے گمراہ کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے ساتھ ملکر سازش کی گئی،ایک ایک کا نام ثابت کریں گے، میرا الزام ثابت نہ ہو تو جو سزا دیں گے لینے کو تیار ہوں، ایل اے 28 میں پولنگ کا سامان نہیں پہنچ سکا،اس کو بھی پیپلزپارٹی اور ایکشن کمیٹی نے مل کرروکا۔ انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کی گفتگو سے ذاتی طور پر سخت نالاں اور متفق نہیں ہوں، محسن نقوی کو کابینہ رکن کے طور پر وزیراعظم اور فیلڈمارشل کو مخاطب نہیں کرنا چاہیے تھا۔ فیلڈمارشل عاصم منیر قوم کے ہیرو ہیں۔
قومی ہیرو کو اس طرح کہنا کہ وہ ریڈلائن کراس نہیں کرنا چاہتے یہ گفتگو درست نہیں، محسن نقوی کی باتوں کا جواب دینا چاہتا تھالیکن پارٹی پالیسی آگئی، پارٹی پالیسی ہے کہ محسن نقوی کی باتوں کا جواب نہ دیں، نظر انداز کریں، محسن نقوی کی باتوں کاجواب دیتا تو انہیں پتا چلتا، محسن نقوی چھوٹے یونٹس پر بات کرنا چاہتے ہیں تو کر سکتے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر نے توثیق کی ہے تو اچھا کیا، صوبے بنانے کی بات میں یہ کہاں سے آ گیا کہ 18 گھنٹے کام کریں۔محسن نقوی نے کہا تاجر سیاستدانوں کو الیکشن مہم کیلئے پیسے دیتے ہیں، تاجر کس سیاستدان کو پیسے دیتے ہیں،محسن نقوی اس سیاستدان کا نام بتائیں، ہم محسن نقوی سے پوچھیں گے، ہمیں محسن نقوی سے پوچھنے سے روک دیا گیا ہے، پارٹی نے نوازشریف کی رضامندی سے فیصلہ کیا ۔محسن نقوی نے جن تاجروں کی تقریب میں بات کی،اس میں وارداتیے بھی بیٹھے ہوئے تھے، صوبے بنانے سے متعلق بحث اچھی بات ہے،پارٹی میں کوئی بات نہیں ہوئی، جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے کی میری قرار داد کو اسمبلی نے منظور کیا تھا، صوبے بنانے سے پہلے نیشنل کمیشن بنایا جائے،ڈیڈلائن لوگ خود اپنے پاس سے بنا رہے ہیں۔ سیاسی جماعتوں کو نئے صوبوں سے متعلق اپناموقف دینا چاہیے،بانی پی ٹی آئی کوہم نے جیل میں نہیں رکھا،ہم نے کہا تھا کہ9مئی کرو؟


