سندھ بلڈنگ، نارتھ ناظم آباد میں نقشوں کے برعکس تعمیرات، علاقہ مکین پریشان
شیئر کریں
ماضی میں تعمیراتی لاقانونیت کے محافظ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسد خان کی پھر متنازع تعیناتی
بلاک ڈی، پلاٹ نمبر 305 A اور 325 A پر خلافِ ضابطہ تعمیرات تیزی سے جاری
نارتھ ناظم آباد کے مختلف علاقوں میں منظور شدہ نقشوں سے ہٹ کر ہونے والی تعمیرات نے علاقہ مکینوں میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے ۔
رہائشیوں کا کہنا ہے کہ متعدد مقامات پر تعمیراتی ضوابط کی مبینہ خلاف ورزیاں کھلے عام جاری ہیں، تاہم متعلقہ اداروں کی جانب سے مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔
جرأت سروے کے دوران سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق نارتھ ناظم آباد بلاک ڈی کے پلاٹ نمبر A 305 اور A325 پر مبینہ طور پر منظور شدہ نقشوں اور بلڈنگ قوانین کے برعکس غیر معیاری تعمیراتی مواد سے تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔
مقامی افراد کا مؤقف ہے کہ ان تعمیرات کی غیر جانبدار تکنیکی جانچ کرائی جائے تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ آیا تعمیرات مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق ہیں یا نہیں۔دوسری جانب سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسد خان کی چند روز قبل ڈپٹی ڈائریکٹر نارتھ ناظم آباد کے اضافی چارج دینے پر بھی شہری حلقوں میں موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے ۔
بعض حلقے ماضی میں ان پر لگنے والے ان الزامات کا حوالہ دے رہے ہیں جن میں غیر قانونی تعمیرات کو مبینہ تحفظ فراہم کرنے کی بات کی جاتی رہی ہے ، تاہم ان الزامات کی سرکاری سطح پر تصدیق یا عدالتی ثبوت سامنے نہیں آئے۔
علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ پلاٹس پر جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی تکنیکی معائنہ کرایا جائے، اگر کسی بھی قسم کی خلاف ورزی ثابت ہو تو قانون کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ، تاکہ رہائشی علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کی حوصلہ شکنی ہو اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔


