اٹلی، سسلین مافیا کا مطلوب ترین سرغنہ گرفتار
شیئر کریں
اٹلی میں سکیورٹی اداروں نے سسلین مافیا کے مطلوب ترین سرغنہ میٹیو میسینا ڈینارو کو گرفتار کر لیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اطالوی سکیورٹی اداروں نے سسلی میں کارروائی کرتے ہوئے ایک نجی کلینک سے میٹیو میسینا کو گرفتارکیا، گرفتاری کے بعد اسے سخت سکیورٹی میں نامعلوم مقام منتقل کر دیا گیا۔میٹیو میسینا بدنام زمانہ سسلین مافیا کے بڑے گروہ کا سرغنہ تھا اور وہ اطالوی سکیورٹی اداروں کو گزشتہ 30 سال سے مطلوب تھا، 1992 میں اس کی غیر موجودگی میں مقدمہ چلایا گیا اور عدالت نے متعدد افراد کے قتل کے الزام میں اسے عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ ایک مرتبہ میٹیو میسینا نے فخریہ انداز میں کہا تھا کہ میں قبرستان بھر سکتا ہوں۔ مافیا سرغنہ پر متعدد افراد کے قتل کے علاوہ منی لانڈرنگ اور منشیات اسمگلنگ کے الزامات ہیں۔ سالوں تک اطالوی سکیورٹی اداروں کو چکمہ دینے والے مافیہ سرغنہ کی چند پرانی تصاویر ہی سامنے آئی تھیں جب کہ 2012 سے قبل اس کی آواز بھی ریکارڈ نہیں کی جا سکی تھی۔