اہم تقرری کا فیصلہ دباؤ کے باوجود میرٹ پر کیا، وزیراعظم
شیئر کریں
وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کی تقرری کے بارے میں اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اہم تقرری کا فیصلہ دباؤ کے باوجود میرٹ پر کیا ہے اور سنیارٹی کے اصول کو مد نظر رکھ کر فیصلہ کیا، سنیارٹی کا اصول اداروں کو مضبوط بناتا ہے، سنیارٹی کے اصول پر فیصلہ ادارے کی مضبوطی کے ساتھ ملک میں استحکام کا باعث بنے گا ۔ انہوں نے یہ بات نجی ٹی وی کے ایک سینئر اینکر سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ جمعرات کو نجی ٹی وی کے سینئر اینکر نے وزیراعظم شہباز شریف کے ٹیلیفون پر انہیں جنرل عاصم منیر کو نیا آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد کو چیئر مین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف بنانے پر مبارکباد کا پیغام بھیجا جس پروزیراعظم نے جواباً سینئر صحافی کو ٹیلیفون کرتے ہوئے مختصر بات چیت کی اور کہا کہ اہم تقرری کا فیصلہ دباؤ کے باوجود میرٹ پر کیا اور سنیارٹی کے اصول کو مد نظر رکھا، سنیارٹی کا اصول اداورں کو مضبوط بناتا ہے۔ ملکی معاشی صورتحال کے حوالے سے وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے قومی ڈائیلاگ کیلئے تیار ہوں اور اس کیلئے کوششیں کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی مضبوطی ہماری اولین ترجیح ہے، ملک میں کسی انتشار اور افراتفری کی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ معاملات آگے چلیں گے معیشت مضبوط ہوگی۔