ریفائنریز کے منافع میں اضافہ، پیٹرولیم ڈیلرز مالی مشکلات کا شکار
شیئر کریں
قیمتوں میں بار بار ردوبدل سے ڈیلرز کو بھاری نقصان، ماہانہ بنیادوں پر قیمتیں مقرر کرنے اور 8 فیصد منافع دینے کا مطالبہ
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار ردوبدل کے موجودہ نظام کو تبدیل کرنے اور قیمتوں میں ماہانہ بنیادوں پر تبدیلی کا طریقہ کار بحال کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) کے چیئرمین ملک خدا بخش نے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کو خط لکھ کر ڈیلرز کو درپیش سنگین مالی مسائل سے آگاہ کیا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر کے پیٹرولیم ڈیلرز شدید مالی بحران کا شکار ہیں جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار تبدیلی کے باعث انہیں بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
قیمتوں میں مسلسل ردوبدل سے ڈیلرز کا ورکنگ کیپیٹل متاثر ہو رہا ہے اور انہیں اگلی سپلائی کی بکنگ کے لیے بھی بینکوں سے قرض لینا پڑ رہا ہے۔ملک خدا بخش نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا موجودہ نظام تبدیل کرکے ماہانہ بنیادوں پر قیمتیں مقرر کرنے کا طریقہ کار بحال کیا جائے۔ انہوں نے پیٹرولیم ڈیلرز کا منافع کم از کم 8 فیصد مقرر کرنے پر بھی زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کاروباری اخراجات میں مسلسل اضافے کے باعث موجودہ ڈیلر مارجن ناکافی ہوچکا ہے۔ پیٹرولیم ڈیلرز اپنی سرمایہ کاری، ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر آپریشنل اخراجات برداشت کرتے ہیں، اس لیے انہیں منافع میں مناسب حصہ دیا جانا ضروری ہے۔خط میں ملک کی پانچ بڑی آئل ریفائنریز کے منافع میں اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پارکو ریفائنری کے منافع میں 153 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 101 ارب 80 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔
اٹک ریفائنری کا منافع 111 فیصد اضافے سے 54 ارب 10 کروڑ روپے جبکہ نیشنل ریفائنری کا منافع 87 فیصد اضافے سے 44 ارب 80 کروڑ روپے ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح پاکستان ریفائنری کے منافع میں 84 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 20 ارب 60 کروڑ روپے تک پہنچ گیا، جبکہ سینیریوکو ریفائنری کا منافع 55 فیصد اضافے کے بعد 15 ارب 20 کروڑ روپے ہوگیا۔ملک خدا بخش نے مطالبہ کیا کہ ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے منافع میں پیٹرولیم ڈیلرز کو بھی مناسب حصہ دیا جائے تاکہ ان کے بڑھتے ہوئے مالی مسائل کا ازالہ ہوسکے۔
انہوں نے وفاقی وزیر پیٹرولیم سے پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ساتھ فوری ملاقات کرنے اور ڈیلرز کے مالی مسائل حل کرنے کے لیے ذاتی مداخلت کی اپیل بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم سپلائی چین کے تحفظ کے لیے قیمتوں میں ماہانہ ردوبدل اور ڈیلرز کا کم از کم 8 فیصد کمیشن مقرر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔


