ٹی ٹونٹیورلڈ کپ ، پاکستان ،انگلینڈ کا ٹاکرا آج ہو گا
شیئر کریں
آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022ء کا فائنل آج (اتوار ) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میلبورن میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں ٹرافی کی جنگ جیت کیلئے پر عزم ہیں ، میچ کے بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے اور آئی سی سی نے فائنل کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلی کرتے ہوئے ریزرو ڈے پر اضافی وقت کی گنجائش 2سے بڑھا کر 4 گھنٹے کردی ،پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ اس ورلڈ کپ کو 1992ء کے ورلڈ کپ سے مماثلت دی جارہی ہے، ہم نروس نہیں ہیں، پریشر ہوتا ہے لیکن کوشش کریں گے دبائونہ لیں۔تفصیلات کے مطابق دونوں ٹیمیں آج بروز اتوار کو مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے (پاکستان میں دوپہر ایک بجے) میلبورن کے سٹیڈیم میں مد مقابل ہوںگے ۔ میچ کے بارش سے متاثر ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق ان کی پہلی ترجیح میچ کو شیڈول ڈے پرہی مکمل کرنا ہے بصورت دیگرریزرو ڈے میں کھیلا جائے گا۔کوشش کی جائے گی کہ دونوں طرف سے دس دس اوور ہو جائیں۔اگر اتوار کو شروع ہونے والا میچ بارش کے باعث اسی دن مکمل نہ ہوسکا تو پھر پیر کو مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9بجے)باقی کا کھیل دوبارہ شروع ہوگا۔ آئی سی سی نے فائنل میچ کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلی کرتے ہوئے ریزرو ڈے پر اضافی وقت کی گنجائش 2 سے بڑھا کر 4 گھنٹے کردی ہے۔دونوں ٹیموں کو میچ بار بار رکنے کے لیے تیار رہنا پڑے گا۔اگر اس کے باوجود بھی کم ازکم دس دس اوور کا کھیل نہ ہوسکا تو پھر دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دے دیا جائے گا۔اچھی بات یہ ہے کہ آسڑیلیا کا موسم آخری لمحات میں تبدل ہوجانے کی وجہ سے بھی مشہورہے، اس لیے عین ممکن ہے کہ بارش نہ ہو یا اتنی کم ہو کہ کھیل کا دوبارہ آغازکیا جاسکے۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ ٹائٹل جیتنے کے لیے پرامید ہیں، تیس سال پہلے بھی اسی گرائونڈ سے گرین شرٹس انگلش ٹیم سے ورلڈ کپ چھین چکے ہیں۔جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ اس ورلڈ کپ کو 1992ء کے ورلڈ کپ سے مماثلت دی جارہی ہے، ہم نروس نہیں ہیں، پریشر ہوتا ہے لیکن کوشش کریں گے دباو نہ لیں۔سارے کھلاڑی فائنل کھیلنے کیلئے ایکسائٹڈ ہیں۔ ٹیم نروس نہیں، فائنل میں سو فیصد کھیل پیش کریں گے۔