وزیرخزانہ کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان
شیئر کریں
وفاقی حکومت نے آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی رد و بدل نہ کرنے کا اعلان کیا ہے، وفاقی وزیر سینیٹر اسحاق ڈار نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول 224 روپے80 پیسے اورڈیزل کی فی لیٹر قیمت 235 روپے 30 پیسے برقرار رہے گی، ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی مدت بھی تیس نومبر تک بڑھا دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے گزشتہ روز رات گئے پریس کانفرنس میں بتایا کہ آئندہ پندرہ روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت 224 روپے80 پیسے برقرار رہے گی، ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 235 روپے 30 پیسے برقرار رہے گی۔وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ مٹی کے تیل کی قیمت 191روپے83 پیسے فی لیٹر رہے گی، جبکہ لائیٹ ڈیزل آئل کی قیمت 186 روپے50 پیسے برقرار رہے گی۔ وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے کی آخری تاریخ ایک ماہ تک بڑھا دی ہے، اسحاق ڈار نے کہا کہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی مدت بھی تیس نومبر تک بڑھا دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ اس وقت ملک میں پیٹرول کی قیمت پر حکومت 32.42 روپے پیٹرولیم لیوی حاصل کر رہی ہے، ڈیزل کی قیمت 235.30 پر پٹرولیم لیوی 12.58 روپے ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت پر پیٹرولیم لیوی 15 روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت پر پیٹرول لیوی 10 روپے حاصل کی جا رہی ہے۔ وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے یکم نومبر سے فوری طور پر ایک لاکھ ڈالر تک مالیت کی ایل سیز کلئیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس وقت ایک لاکھ ڈالر مالیت کی ایل سیز کی تعداد 1365 ہے۔