نیشنل بینک لاکھڑا پاؤرکمپنی سے اربوں کی وصولی میں ناکام
شیئر کریں
نیشنل بینک آف پاکستان انتظامیہ کی قرض واپس نہ لینے میں نااہلیت کھل کر سامنے آگئی۔ لاکھڑا پاؤر جنرل کمپنی لمیٹڈ سے 6 ارب 13 کروڑ روپے کی وصولی نہیں ہوسکی، قومی ادارے کو مالی نقصان کا سامنا۔ جرأت کی تحقیقات کے مطابق نیشنل بینک نے سال 2009 ء میں میسرز لاکھڑا پاؤر جنریشن کمپنی لمیٹڈ کو 6 ارب 40 کروڑ روپے قرضہ جاری کیا ، قرضہ 2.15 فیصد شرح سود پر دیا گیا، 5 سال کے دوران لاکھڑا پاؤر جنریشن کمپنی نے صرف 26 کروڑ 70 لاکھ روپے واپس کیے ،یہ رقم سال 2013 اور سال 2014 کے دوران واپس ہوئی، بعد میں 8 سال گزرنے کے باوجود 6 ارب 13 کروڑ روپے واپس نہیں کیے گئے، لاکھڑا پاؤر جنریشن کمپنی سے قرضہ واپس نہ ہونے سے متعلق انتظامیہ کو اعلیٰ حکام نے آگاہ کیا لیکن این بی پی انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگی اور انتظامیہ ہاتھ پر ہاتھ رکھے بیٹھی رہی۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ نیشنل بینک میںاربوں روپے کے قرضوں کی واپسی نہ ہونے سے واضح ہوتا ہے کہ قومی ادارے میں قرضہ واپس لینے کا مکینزم انتہائی کمزور اور غیر موثر ہے، وقت پر قرضوں کی رقم واپس نہ ہونے سے بھاری رقم بیڈ ڈیبٹ (ناقابل وصول رقم) میں تبدیل ہوجائے گی، نیشنل بینک انتظامیہ کو قرض کی رقم کی واپسی کے لیے سنجیدہ اور موثر کوششیں کرنی چاہئے تاکہ قومی ادارے کو نقصان سے بچایا جا سکے۔