قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس (آج) شام چار بجے دوبارہ طلب
جرات ڈیسک
بدھ, ۲۸ ستمبر ۲۰۲۲
شیئر کریں
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بدھ کی شام چار بجے دوبارہ طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزارت داخلہ، خارجہ، خزانہ، اطلاعات کے وزرا شرکت کریں گے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف، تینوں سروسز چیف بھی شرکت کریں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی اور آئی بی کے سربراہ بھی شرکت کریں گے، اجلاس میں مغربی و مشرقی سرحدوں سے متعلق امور زیر غور آئیں گے جبکہ خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی پر بھی غور کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق آڈیو لیکس سمیت قومی سلامتی سے متعلق امور زیر غور آئیں گے، آڈیو لیکس سے متعلق ابتدائی رپورٹ اجلاس میں پیش کی جائیگی۔ واضح رہے کہ منگل کو وزیراعظم نے پریس کانفرنس میں آڈیو لیکس کے معاملے کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔