میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آرمی چیف کادورہ ، چین کا سیلاب زدگان کیلئے 500 ملین یوآن کی امداد کا اعلان

آرمی چیف کادورہ ، چین کا سیلاب زدگان کیلئے 500 ملین یوآن کی امداد کا اعلان

ویب ڈیسک
منگل, ۲۰ ستمبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

سربراہ پاک فوج جنرل قمرجاویدباجوہ کی چینی وزیر دفاع سے ملاقات،دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت
جنرل وی فینگے نے سی پیک منصوبوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی، علاقائی استحکام کی کوششوں کیلئے خصوصی اقدامات پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا،آئی ایس پی آر
بیجنگ(فارن ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورے کے اثرات، چین کی سیلاب زدگان کیلئے 500 ملین یوآن کی امداد کا اعلان، آرمی چیف سے ملاقات کے دوران چینی وزیردفاع نے سیلاب متاثرین کیلئے ہرممکن امداد اور تعاون کی یقین دھانی کرائی، چینی وزیر دفاع نے کہا کہ پاک چین فوجی تعاون، دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم ستون ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ چین کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں، آرمی چیف نے چینی وزیر دفاع جنرل وی فینگے سے ملاقات کی، جنرل وی فینگے نے اس موقع پر کہا کہ چین پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ مثالی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور اس تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک دونوں ممالک کے عوام کیلئے مزید فوائد اور خوشحالی لائے گا، چینی وزیر دفاع نے واضح کیا کہ پاک چین فوجی تعاون دوطرفہ تعلقات کا اہم ستون ہے، وزیر دفاع نے پاکستان میں سی پیک منصوبوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی اور علاقائی استحکام کی کوششوں کے لئے خصوصی اقدامات پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے سی پیک پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ یہ منصوبے بروقت پایہ تکمیل تک پہنچیں گے۔ چینی وزیر دفاع نے موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان میں جاری سیلاب سے ہونے والی تباہی پر اپنے دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی، انہوں نے کہا کہ چین پاکستان میں سیلاب سے متعلق امدادی سرگرمیوں کے لئے تکنیکی مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں کو بھی سراہا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی وزیر دفاع کے جذبات اور پاکستان کے لئے چین کی حمایت جاری رکھنے پر شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ چین نے ہنگامی بنیادوں پر انسانی ہمدردی کے تحت 100 ملین یوآن دینے سمیت چینی حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے 300 ملین جبکہ پیپلز لبریشن آرمی کی جانب سے سیلاب زدگان کیلئے 100 ملین یوآن دینے کا اعلان کیا گیا ہے، چین سیلاب زدگان کیلئے مجموعی طور پر 500 ملین یوآن امداد دے گا، چینی امداد 71.3 ملین ڈالر اور پاکستانی کرنسی میں 15.8 ارب روپے بنتی ہے، اس سے قبل آرمی چیف کی طرف سے سیلاب زدگان کیلئے اپیل پر یو اے ای سمیت عالمی امدادی ادارے بڑے اعلان کرچکے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں