بجلی کی قیمت میں 4 روپے 5 پیسے مزید اضافے کا امکان
شیئر کریں
بجلی 4 روپے 5 پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے، نیپرا 31 مئی کو سماعت کرے گا۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی(سی پی پی اے ) نے اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دائر کردی، اپریل میں 13ارب 55کروڑ یونٹس سے زائد بجلی پیدا کی گئی جس کی فی یونٹ پیداواری لاگت 10روپے 66 پیسے فی یونٹ رہی۔ اپریل کے لئے ریفرنس لاگت 6 روپے 60 پیسے فی یونٹ مقرر تھی، نیپرا اتھارٹی سماعت کے بعد فیصلہ کرے گی۔اضافے کا اطلاق کے الیکڑک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا، سی پی پی اے کے مطابق اپریل میں پانی سے 18.55فیصد کوئلے سے 16.74 فیصد اور فرنس آئل سے 12.07فیصد بجلی پیدا کی گئی ،فرنس آئل سے پیدا ہونے والی بجلی کی فی یونٹ لاگت 28 روپے 19 پیسے فی یونٹ رہی، اپریل میں مقامی گیس سے 9.85 فیصد ،درآمدی ایل این جی سے 19.42 فیصد، جوہری ایندھن سے 17.37 فیصد اور ہوا سے 3.59 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔