وزیر اعظم شہبازشریف اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان میں ملاقات
شیئر کریں
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں اقتصادی و تجارتی روابط بڑھانے پر زوردیا گیا، جبکہ باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف شاہی محل پہنچے تو شہزادہ محمد بن سلمان نے باہر آ کر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ گارڈ آف آنر دینے کے بعد سعودی ولی عہد وزیراعظم کو محل کے اندر لے گئے۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے وفود کا تعارف کرایا۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو اور وزیردفاع خواجہ آصف، وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل، وزیراطلاعات مریم اورنگزیب بھی ملاقات میں شریک تھے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی اور عالمی امور سمیت اقتصادی و تجارتی روابط بڑھانے اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں سعودی عرب نے پاکستان کی مدد کی، ہمیشہ برادر اسلامی ملک کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف سے گورنرمکہ شہزادہ خالدبن فیصل کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں پاک سعودی عرب تعلقات اوردوطرفہ باہمی امور پر گفتگوکی گئی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کی مسلسل حمایت پرسعودی عرب کے تہہ دل سے مشکورہیں، پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اور سعودی بھائیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہے گا۔ گزشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف نے مسجد نبوی ۖ میں نمازجمعہ ادا کی، روضہ رسولۖ پرحاضری بھی دی، سعودی حکومت کی ہدایت پر وزیراعظم کے لیے روضہ رسول ۖ کا دروازہ کھولا گیا۔ وزیراعظم اور وفد کے ارکان نے روضہ رسول ۖ کے اندر درود و سلام پیش کیا، بعد میں وزیراعظم مدینہ سے جدہ پہنچے۔ ملاقات سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے عرب نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا پاکستان اور سعودی عرب کا 7 دہائیوں سے ایک خاص رشتہ ہے، تاریخی تعلقات کو گہری اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کر رہے ہیں۔