استعفے کے بعد بحالی، بزدار کی سربراہی میں کابینہ اجلاس، اعلامیہ بھی جاری
شیئر کریں
گورنر پنجاب کی جانب سے عثمان بزدار کو بحال کیے جانے کے بعد بزدار کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق پنجاب کابینہ کا اجلاس گورنر کے احکامات کے تحت ہوا جس میں کابینہ نے گورنر ہاؤس میں پیدا شدہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب کے آئینی احکامات کی موجودگی میں حمزہ شہباز کا حلف مزید آئینی بحران پیدا کریگا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے ایم پی ایز کی طرف سے ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل ابھی زیرسماعت ہے، بحران سے بچنے کے لیے ہمیں عدالتی احکامات کا انتظار کرنا چاہیے، انتظامیہ فریق نہ بنے، پولیس کے ذریعے گورنرہاؤس پرچڑھائی، قبضہ اورفسطائیت نہ کرے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اجلاس کی آئینی اورقانونی حیثیت مسلمہ ہے، کابینہ نے حمزہ شہباز کے الیکشن کو متنازع اور غیر قانونی و غیرآئینی قرار دیا ہے، گورنر پنجاب کے احکامات کی تشریح کے لیے عدالت عالیہ ہی مناسب فورم ہے، عدالت سے تشریح کے لیے رجوع کیا جارہا ہے۔