میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پیپلزپارٹی قیادت اور شیرازی خاندان اختلافات دور

پیپلزپارٹی قیادت اور شیرازی خاندان اختلافات دور

ویب ڈیسک
هفته, ۳۰ اکتوبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

(رپورٹ: شعیب مختار) بلدیاتی انتخابات سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی ٹھٹھہ اور سجاول کے با اثر شیرازی خاندان کو منانے میں کامیاب ہو گئی، ضلع سجاول کے صدر محمد علی ملکانی اور شیرازی برادران کے مابین برف پگھل گئی وزیر اعلیٰ سندھ نے دونوں فریقین کے مابین ثالثی کا کردار ادا کر دیا۔ فریال تالپور کی آنکھوں میں کھٹکنے والا خاندان ایک مرتبہ پھر پارٹی میں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب ہو گیا۔ذرائع کے مطابق چند روز قبل صوبائی مشیر حاجی رسول بخش چانڈیو اور وزیر اعلیٰ سندھ کے اسپیشل اسسٹنٹ لیاقت آسکانی کی کھلی کچہری میں بدمزگی کے بعد پیپلز پارٹی ضلع سجاول کی قیادت اور شیرازی برادری کے درمیان سخت اختلافات پیدا ہو گئے تھے۔ اس ضمن میں تمام تر صورتحال کا ذمہ دار رکن سندھ اسمبلی محمد علی ملکانی کی جانب سے شیرازی برادران کو ٹھہرایا گیا تھا جس کے تحت گزشتہ کئی روز سے دونوں فریقین میں لفظی جنگ زور و شور سے جاری تھی، اس کے ساتھ ساتھ محمد علی ملکانی کے آبائی حلقے جاتی میں چار کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح سید ایاز علی شاہ شیرازی کے کرنے پر بھی دونوں فریقین کے مابین سخت اختلافات تھے، جو گزشتہ روز آپس کی باہمی رضامندی پر ختم ہو چکے ہیں۔شیرازی برادران کے تحفظات دور کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر صوبائی مشیر جیل خانہ جات اعجاز حسین خان جکھرانی کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تھی، جو اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب رہی ہے۔ پارٹی میں جاری تلخی کو دور کرنے کے لیے چند روز قبل ضلع سجاول کے صدر کی جانب سے کراچی میں عزیز میمن کی رہائش گاہ پر شیرازی خاندان کے سربراہ سید شفقت حسین شاہ شیرازی،ایم این اے سید ایاز شاہ شیرازی،ایم پی اے سید ریاض شاہ شیرازی، ایم پی اے شاہ حسین شاہ شیرازی شامل سے ملاقات کو یقین بنایا گیا ہے جس میں دونوں فریقین کے مابین تمام تر اختلافات بھلا کر پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ بعد ازاں شیرازی برادران کی جانب سے تمام تر معاملے میں ثالثی کا کردار ادا کرنے والے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے گزشتہ روز ملاقات کو یقینی بنایا گیا ہے جس میں ان کی جانب سے شیرازی برداران کو اپنا کام جاری رکھنے کی ہدایات دی گئیں ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں