حکومت ،تحریک لبیک مببں جمود ٹوٹ گیا،وزارت داخلہ کا مقدمات واپس لینے کا اعلان
شیئر کریں
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کالعدم جماعت سے آٹھ گھنٹے تک طویل مذاکرات ہوئے جو کامیاب ہو گئے ہیں، منگل بدھ تک کالعدم جماعت کے خلاف کیسز واپس لے لیں گے۔وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت اور کالعدم تنظیم کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کے بعد گرفتار افراد کو رہا کر دیا جائے گا، شیڈول فورتھ پر بھی نظرثانی ہوگی، فرانسیسی سفیر کا معاملہ پارلیمنٹ میں لے کرجائیں گے، انتظامیہ کو جی ٹی روڈ سے کنٹینر ہٹا نے کی ہدایت کی ہے۔ طے پایا ہے منگل کی شام تک یہ لوگ مریدکے میں رہیں گے۔ادھر کالعدم جماعت کے ممکنہ احتجاج کے باعث جڑواں شہروں کا زمینی رابطہ منقطع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مری روڈ ، میرٹھ، چوک، راول روڈ ،چاندنی چوک سمیت اہم شاہراہوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے میٹرو بس سروس کو بھی صدر سے فیض آباد تک بند کردیا گیا ہے۔کالعدم جماعت کے کارکنوں کی پیش قدمی کے باعث کالا شاہ کاکو، مرید کے ، کامونکی ، گوجرانوالہ اور گجرات میں موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، وزارت داخلہ کے مطابق موبائل فون سروس جی ٹی روڈ سے 5کلو میٹر کی حدود تک معطل رہے گی۔احتجاج کو غیر موثر کرنے کے لیے گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ ٹول پلازہ کے قریب 12فٹ چوڑی اور 12فٹ گہری خندقیں کھود دی گئیں۔ لاہور میں تین روز بعد زندگی رواں دواں ہو گئی ، احتجاج کے باعث بند کی گئی سڑکیں کھل گئیں۔ذرائع کے مطابق کالعدم جماعت کے رہنمائوں نے احتجاج ختم کرنے کے لیے سعد رضوی کی رہائی کی شرط رکھ دی ہے،رہائی سے قبل احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔