نیب سے منظور وسان کے خلاف تحقیقاتی رپورٹ طلب ، ضمانت میں 22دسمبر تک توسیع
شیئر کریں
سندھ ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پیپلزپارٹی کے رہنمااور سابق صوبائی وزیرمنظور حسین وسان کی ضمانت میں 22دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو(نیب)سے منظور وسان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔دوران سماعت نیب کی جانب سے عدالتِ عالیہ کو بتایا گیا کہ رہنما پیپلز پارٹی منظور وسان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق نیب انکوائری مکمل ہو گئی ہے ۔نیب سکھر کے پراسیکیوٹر نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے بتایا کہ انکوائری مکمل کر کے معاملہ ہیڈ کوارٹر ارسال کر دیا ہے ، ہیڈ کوارٹر کے لگائے گئے کچھ اعتراضات بھی دور کر دیئے گئے ہیں۔عدالتِ عالیہ نے پی پی پی رہنما منظور وسان کی عبوری ضمانت میں 22 دسمبر تک توسیع کر تے ہوئے نیب سے تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی۔نیب کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے منظور وسان کے بینک اکائونٹس، منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات حاصل کی ہیں۔