ملزم عابد 10 فٹ کی دوری سے پولیس کو چکما دے کر فرار
شیئر کریں
گجر پورہ موٹر وے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد علی ملہی شیخوپورہ اور قصورکے بعد ننکانہ پولیس کو بھی چکمہ دے کر فرار ہوگیا اور پولیس 10 فٹ پر موجود عابد کو نہ پکڑ سکی۔ نجی ٹی وی کے مطابق مرکزی ملزم عابد علی ملہی جمعرات کو سہ پہر 4 بجے پرانا ننکانہ میں اپنی سالی کشور بی بی سے ملنے آیا تھا، ملزم عابد رائے بلار پارک میں سالی کشور سے بیوی بشریٰ کے متعلق پوچھ رہا تھا کہ اہل محلہ نے 15 پر کال کرکے پولیس کو ملزم کی موجودگی کی اطلاع دی لیکن حسب روایت پولیس25 منٹ تاخیر سے پہنچی۔عینی شاہدین کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سٹی ننکانہ صاحب عبدالخالق صرف 3 پولیس اہلکاروں کے ہمراہ موقع پرپہنچاتو کالر نے ایس ایچ او تھانہ سٹی ننکانہ صاحب کو بتایا کہ یہ عابد علی ہے۔کالر کی آواز سنتے ہی ملزم عابد علی پولیس کے ہاتھوں سے نکل گیا حالانکہ پولیس اور ملزم کا درمیانی فاصلہ صرف 10 فٹ کا تھا جب کہ تھانہ سٹی اور رائے بلار بھٹی پارک کا درمیانی راستہ صرف 5 منٹ کا ہے۔پولیس ملزم کو تو قابو نہ کرسکی لیکن عابد کی سالی کشور اور 2 سالوں کو پکڑ کر پوچھ گچھ کی گئی جب کہ عابد کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن بھی بے سود رہا۔