میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
وزیراعظم، امریکی صدر کے درمیان ملاقات طے پاگئی

وزیراعظم، امریکی صدر کے درمیان ملاقات طے پاگئی

ویب ڈیسک
منگل, ۲۱ جنوری ۲۰۲۰

شیئر کریں

21 سے 23 جنوری تک ڈیوس میں ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم کی سائیڈلائنز پر وزیراعظم عمران خان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات طے پا گئی،ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں سربراہان کے درمیان یہ تیسری ملاقات ہو گی جس میں عمران خان مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور لاک ڈان سے نہتے کشمیریوں کی مشکلات سے امریکی صدر کو آگاہ کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی سے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو آگاہ کیا جائے گا۔وزیراعظم امریکی صدر سے افغان امن عمل میں پیشرفت اور پاکستان کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے ،ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں ایران امریکہ کشیدگی پر بھی بات ہو گی۔وزیراعظم ڈونلڈ ٹرمپ کو مشرق وسطی میں امن کے لئے پاکستان کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کریں گے ۔وزیراعظم اور امریکی صدر میں اس سے پہلے بھی امریکہ میں دو باضابطہ ملاقاتیں ہو چکی ہیں جن میں ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش بھی کی تھی،ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کا اجلاس 21 جنوری کو شروع ہوگا اور 23 جنوری تک جاری رہے گا۔وزیراعظم عمران خان اس دورے کے دوران عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی سیشن میں شریک ہوں گے اور پاکستان اسٹریٹجی ڈائیلاگ میں کارپوریٹ سیکٹر سے وابستہ نمائندوں سے تبادلہ خیال کریں گے ۔اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان کئی عالمی رہنماوں سے غیررسمی ملاقاتیں بھی کریں گے ،وزیراعظم عمران خان ڈیووس میں فورم کے بین الاقوامی میڈیا کونسل کے سیشن میں عالمی میڈیا سے بھی گفتگو کریں گے ۔ترجمان دفتر خارجہ کے اعلامیے کے مطابق عالمی اقتصادی فورم کے 50 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہو نے والے رواں برس کے اجلاس کا موضوع اسٹیک ہولڈرز برائے مربوط و پائیدار دنیا رکھا گیا ہے ۔فورم سے سیاسی رہنما، بزنس ایگزیکٹوز، بین الاقوامی اداروں کے سربراہان اور سول سوسائٹی کے نمائندے عصر حاضر کے اقتصادی، جیو پولیٹیکل، سماجی اور ماحولیاتی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے ۔اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان پاکستان کے وژن اور معیشت، امن و استحکام، تجارت، بزنس اور سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق پاکستان کی کامیابیوں سے آگاہ کریں گے ۔عمران خان ڈیووس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورت حال کو بھی اجاگر کریں گے اور اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر پاکستان کے نکتہ نظر پر بھی روشنی ڈالیں گے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں