فضائی میزبانوں کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اقدامات شروع
شیئر کریں
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے فضائی میزبانوں کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے ملک میں ٹیکس نیٹ کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے ایئر ہوسٹس کو بھی اس نیٹ میں لانے کے لیے اقدمات کا آغاز کیا ہے ۔اس سلسلے میں فضائی میزبانوں کو اندرون ملک سلپ الاؤنس پر کیش کی ادائیگی ختم کر دی گئی ہے ، فضائی میزبانوں کو اب ڈومیسٹک سلپ الاؤنس تنخواہوں میں ملے گا۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی اور ڈومیسٹک الاؤنسز پے رول میں لانے کا مقصد ٹیکس ادائیگی ہے ، خیال رہے کہ فضائی میزبانوں کو بین الاقوامی پروازوں کے الاؤنسز روپے میں دیے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ ایف بی آر نے کراچی کے ڈاکٹرز اور سرجنز کے گرد بھی گھیرا تنگ کر دیا ہے ، ڈاکٹرز اور سرجنز کا بڑے پیمانے پر ٹیکس ادا نہ کرنے کا انکشاف ہوا تھا۔دو دن قبل ایف بی آر کی جانب سے ایک دستاویز جاری کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پی ایم ڈی سی میں رجسٹریشن کے باوجود ڈاکٹرز ٹیکس ادا نہیں کر رہے ہیں، اس سلسلے میں شہر کے تیس بڑے اسپتالوں کو نوٹس بھی جاری کیا گیا کہ ڈاکٹروں کی آمدن پر مبنی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ایف بی آر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے بھی ان صارفین کا ڈیٹا حاصل کر چکی ہے جن کے نام سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس ریکارڈ میں موجود نہیں۔