جعلی بینک اکائونٹس میں دو ارب 12کروڑ روپے کی وصولی
شیئر کریں
سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف جعلی بینک اکائونٹس کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ نیب راولپنڈی نے دو ملزمان کی پلی بارگین کی درخواست منظور کرتے ہوئے دونوں ملزمان سے دو ارب 12کروڑ روپے ریکور کر لئے ۔ نوری آباد پاورکمپنی اور سندھ ٹرانسمشن فنڈز کرپشن کیس میں دونوں کمپنیوں کے افسران آصف محمود اور عارف کی پلی بارگین کی درخواستیں منظور کر لی گئیں۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے دونوں ملزمان کی پلی بارگین کی درخواستوں کی منظوری دے دی ،ملزمان جعلی کمپنیاں بنا کر ٹھیکے لیتے تھے اور ان ٹھیکوں کے ذریعہ حاصل ہونے والی رقوم جعلی اکائونٹس میں منتقل کی جاتی تھیں اور بعد میں یہ رقوم ہڑپ کر لی گئیں، ملزمان اس وقت جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہیں جبکہ کیس کے مرکزی کردار سندھ کمپنی کے سابق چیئرمین خورشید انور جمالی کی پلی بارگین کی درخواست ابھی تک قبول نہیں کی گئی ۔اسی مقدمہ میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو بھی بطور ملزم طلب کیا گیا تھا اور انہیں شامل تفتیش کیا گیا ۔