آصف زرداری کی گرفتاری میرے ابو جان کو واپس نہیں لاسکتی، فاطمہ بھٹو
شیئر کریں
بینظیر بھٹو شہید کے بھائی مرتضیٰ بھٹو کی صاحبزادی فاطمہ بھٹو بھی سابق صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری پر میدان میں آ گئی ہیں اور انہوں نے سوشل میڈیا پر دل کو تڑپا دینے والا پیغام جاری کر دیاہے۔تفصیلات کے مطابق فاطمہ بھٹو نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ”ایک بیٹی کے طور پر آصف زرداری کی گرفتاری میرے لیے کوئی معنی نہیں رکھتی، یہ میرے پیارے ابو جان کو واپس نہیں لا سکتی، جنہیں میں نے اپنے سامنے مرتے ہوئے دیکھا تھا۔”فاطمہ بھٹونے ایک اور پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ”بطور بیٹی، میں صرف خدا کے انصاف کا ہی انتظار کر سکتی ہوں کہ کوئی بھی اس درد اور تشدد سے نہ گزرے جو کہ میرے والد مرتضیٰ بھٹو،ان کے چھ ساتھیوں اور ان کے اہل خانہ کو اس وقت برداشت کرنا پڑا تھا جب انہیں 23 سال پہلے قتل کیا گیا تھا۔”یاد رہے کہ مرتضیٰ بھٹو 42سال کی عمر میں 20 ستمبر 1996 کو کراچی میں اپنے گھر کے قریب فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے تھے۔