میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
شہباز شریف برطانیہ میں دوماہ قیام کرنے کے بعد واپس پاکستان پہنچ گئے

شہباز شریف برطانیہ میں دوماہ قیام کرنے کے بعد واپس پاکستان پہنچ گئے

ویب ڈیسک
پیر, ۱۰ جون ۲۰۱۹

شیئر کریں

پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف برطانیہ میں دوماہ قیام کرنے کے بعد واپس پاکستان پہنچ گئے،شہباز شریف پی آئی اے کی پروزز پی کے 758 کے ذریعے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے جہاں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، کارکنوں کی جانب سے شہباز شریف پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور قیادت کے حق میں نعرے لگائے گئے، سخت سکیورٹی کے باوجود کچھ کارکنان حصار توڑ کر ائیر پورٹ کے آرائیول لاؤنچ تک پہنچ گئے۔ پارٹی کے سیکرٹری احسن اقبال، امیر مقام، پرویز ملک، خواجہ عمران نذیر،میاں مرغوب، مجتبیٰ شجاع الرحمان، بلال یاسین، عظمی بخاری، راحیلہ خادم، شائستہ پرویز، علی پرویز،میاں عثمان، وحید عالم خان، چوہدری شہباز، غزالہ سلیم بٹ، ملک سیف الملوک، عطااللہ تارڑ،عائشہ غوث پاشا سمیت دیگر رہنما کارکنوں کے ہمراہ پارٹی صدر محمد شہباز شریف کے استقبال کیلئے لاہور ائیر پورٹ پر موجود تھے۔اس موقع پر لیگی کارکنان وقفے وقفے سے اپنی قیادت کے حق میں اور حکومت کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔ شہباز شریف کی وطن واپسی کے موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد میں متوقع آمد کے پیش نظر ائیر پورٹ پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے تاہم اس کے باوجود کچھ کارکنان ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کا حصار توڑ کر اور دھکم پیل کرتے ہوئے ایئرپورٹ کے آرائیول لاؤئج تک پہنچ گئے، اس دوران کارکنان اور ائیر پورٹ سکیورٹی کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوتی رہی۔شہباز شریف کے استقبال کے لئے آنے والے لیگی کارکنوں سے نمٹنے کیلئے واٹر کینن بھی منگوائی گئی تھی جبکہ اینٹی رائٹ فورس کے دستے بھی تعینات کئے گئے تھے۔شہباز شریف کے ائیر پورٹ سے باہر آتے ہی کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اورحق میں نعرے لگا کر ان کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ پارٹی صدر کی وطن واپسی کی خوشی میں مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔شہباز شریف کی جانب سے ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا گیا۔ شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں سے مصافحہ کیا اور اس کے بعد قافلے کی صورت میں ائیر پورٹ سے اپنی رہائشگاہ ماڈل ٹاؤن پہنچے۔یاد رہے کہ شہباز شریف 10 اپریل کو طبی معائنے کے لیے برطانیہ گئے تھے۔شہباز شریف 13 جون کو احتساب عدالت میں پیش ہوں گے جہاں ان کے خلاف رمضان شوگر ملز اور آشیانہ اقبال سکینڈلزکے مقدمات زیر التوا ہیں۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پیرکے روز دوپہر اڑھائی بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن چیمبر میں منعقد ہوگا۔ جبکہ پارٹی کی اکنامک ایڈوائزری کونسل کااجلاس 12 جون کو اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا۔آج ہونے والے اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال، حکومتی پالیسیوں،مہنگائی سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال اور آئندہ کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں