غیر قانونی ٹھیکے ،آصف زرداری کی نیب میں پیش ہونے کیلئے مہلت طلب
شیئر کریں
غیر قانونی ٹھیکوں کے کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے نیب راولپنڈی میں پیش ہونے کے لیے مہلت مانگ لی۔ نیب راولپنڈی کی جانب سے آصف علی زرداری کو جمعرات کے روز طلب کیا گیا تھا تاہم آصف علی زرداری جعلی بینک اکائونٹس کیس کی اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے باعث نیب راولپنڈی میں پیش نہ ہوئے ۔ آصف علی زرداری کی جانب سے نیب کو درخواست بھجوائی گئی ہے کہ انہیں پیشی کے لیے مہلت دی جائے ۔درخواست وکیل کے ذریعہ بھجوائی گئی ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت میں پیشی کے باعث نیب کے سامنے پیش نہیں ہو سکتا۔واضح رہے کہ نیب نے آصف علی زرداری کو جمعرات کے روز ہریش اینڈ کمپنی کیس میں تفتیش کے لیے طلب کیا تھا۔ آصف علی زرداری کو نیب کی جانب سے جمعرات کے روز صبح ساڑھے 10بجے نیب اولڈ ہیڈکوارٹرز میںطلب کیا گیا تھا۔