قومی ہیڈ کوچ مکی آرتھر قومی ٹیم کی مزید کوچنگ کے خواہش مند
شیئر کریں
چیف کوچ مکی آرتھر نے کوچنگ کنٹریکٹ میں توسیع کی خواہش کا اظہار کردیا ہے ۔ورلڈکپ روانگی سے پہلے چیف کوچ مکی آرتھر نے کنٹریکٹ میں توسیع کی خواہش کا اظہار کردیا ہے تاہم بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور معاہدے میں توسیع نہیں چاہتے ، مکی آرتھر سمیت تمام غیر ملکی کوچنگ اسٹاف کا کنٹریکٹ ورلڈکپ تک ہے ، چیف کوچ نے کرکٹ بورڈ سے ورلڈکپ کے بعد بھی ٹیم کے ساتھ ذمہ داریاں جاری رکھنے کا پیغام پہنچایاہے ۔مکی آرتھر کا موقف ہے کہ پاکستانی ٹیم ٹیلینٹ سے مالامال ٹیم ہے اور اس کے ساتھ ورلڈکپ کے بعد کام کرنا بھی میرے لیے خوشی کا باعث ہوگا، ہیڈکوچ اپنے کئی بیانات میں پہلے بھی کچھ ایسے خیالات کا اظہار کرچکے ہیں۔ دوسری جانب بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور 2014سے ٹیم کے ساتھ کام کررہے ہیں، وہ اب اپنا معاہدہ پورا ہونے کا انتظار کررہے ہیں، ان کا موقف ہے کہ فیملی کو بہت مس کررہا ہوں اور اب اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔پی سی بی نے اس حوالے سے فی الحال خاموشی کی پالیسی اپنائی ہے ، نئے معاہدے ورلڈکپ میں ٹیم کی کارکردگی کو سامنے رکھتے ہوئے کرنے پر اتفاق کیاگیاہے ۔