وزیراعظم عمران خان کی پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد
شیئر کریں
وزیراعظم عمران خان نے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی ۔وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن کے کلی طور پر پاکستان میں انعقاد کے عزم کو دہرایا اور سوشل میڈیا پر ٹوئٹ میں کہا کہ ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ، تمام منتظمین اور سکیورٹی فورسز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم نے پی ایس ایل کی فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اس کی انتظامیہ کو بھی کامیابی پر مبارکباد پیش کی جبکہ انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور سر ویوین رچرڈ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میرے دوست ویو ین رچرڈ کو بھی کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے فائنل میں پشاور زلمی کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر پی ایس ایل 4 کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ انہوں نے کہا کہ انشااللہ آئندہ پورا پی ایس ایل پاکستان میں ہوگا۔یاد رہے کہ پی ایس ایل 4 کے فائنل سمیت 8 میچز پاکستان میں اور 26 میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے ۔